راشن کارڈ ای۔کے۔وائی۔سی کی تاریخ میں 10 نومبر تک توسیع، روزنامہ ہذہ کی خبر کا فوری اثر
بیدر (نامہ نگار): کرناٹک حکومت نے راشن کارڈ کے مستفیدین کے لیے ای۔کے۔وائی۔سی (e-KYC) مکمل کرنے کی آخری تاریخ میں 20 اکتوبر سے بڑھا کر 10 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ان ہزاروں مستفیدین کو راحت ملے گی جو تکنیکی دشواریوں اور دیگر مسائل کے باعث مقررہ مدت میں ای۔کے۔وائی۔سی کا عمل مکمل کرنے سے قاصر تھے۔
واضح رہے کہ روزنامہ ہذہ نے اپنے کل کے شمارے میں اس اہم عوامی مسئلے کو نمایاں طور پر اٹھاتے ہوئے کرناٹک حکومت، صدر ضلع کانگریس کمیٹی، ضلع انچارج وزیر اور رکن اسمبلی بیدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ متعلقہ وزیر سے نمائندگی کرتے ہوئے ای۔کے۔وائی۔سی کی آخری تاریخ میں توسیع کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ خبر کی اشاعت کے فوری بعد تاریخ میں توسیع کے احکامات جاری ہونے سے عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کی یکسوئی کے لیے اخبارات کے مؤثر کردار کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔
روزنامہ ہذہ نے اپنی خبر میں یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ مستفیدین کو درپیش مشکلات، اَنّا سیوا موبائل ایپ کی تکنیکی خامیوں اور راشن دکانوں کی بے قاعدگیوں کے پیش نظر ای۔کے۔وائی۔سی کی آخری تاریخ دسمبر کے اختتام تک بڑھائی جائے، تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان سرکاری سہولت سے محروم نہ رہے۔
حکومت کی جانب سے 10 نومبر تک توسیع خوش آئند ہے، تاہم عوامی مشکلات کے مکمل ازالے کے لیے مزید مہلت دینے کی ضرورت برقرار ہے۔ مستفیدین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اَنّا سیوا موبائل ایپ کے تازہ ورژن یا اپنی قریبی مناسب قیمت والی راشن دکان کے ذریعے ای۔کے۔وائی۔سی مکمل کریں، جبکہ متعلقہ حکام اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ضروری انتظامات کریں۔
Comments
Post a Comment