جلگاؤں ؛ مہنگائی، پیٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور پیپر لیک کے خلاف کانگریس کا شدید احتجاج - "مودی تیری لوٹ ماری، مودی تیری غنڈہ گردی نہیں چلے گی" کے نعروں سے جلگاؤں گونج اٹھا۔
جلگاؤں ؛ مہنگائی، پیٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور پیپر لیک کے خلاف کانگریس کا شدید احتجاج -
"مودی تیری لوٹ ماری، مودی تیری غنڈہ گردی نہیں چلے گی" کے نعروں سے جلگاؤں گونج اٹھا۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) پیٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس سلنڈر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں، کسانوں کو درپیش مشکلات اور پیپر لیک کے واقعات کے سبب لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کے خلاف کانگریس کمیٹی جلگاؤں کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کے باوجود ضلع بھر سے سینکڑوں کانگریس کارکنان اور عہدیداران احتجاج میں شریک ہوئے۔
احتجاج کے دوران کارکنان نے مقامی پیٹرول پمپ پر پہنچ کر علامتی طور پر عملے میں "میلوڈی" چاکلیٹ تقسیم کی۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں اور ضلع کلکٹر آفس میں بھی چاکلیٹ تقسیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر کانگریس کمیٹی مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری اور ترجمان مفتی محمد ہارون ندوی نے پُرجوش اور ولولہ انگیز انداز میں خطاب کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی اور "مودی تیری غنڈہ گردی نہیں چلے گی" اور "مودی تیری لوٹ ماری نہیں چلے گی" جیسے نعروں کی قیادت کی، جس سے پورا علاقہ نعروں سے گونج اٹھا۔ مظاہرے میں کانگریس کے مہانگر صدر جمیل شیخ، ضلع صدر دھننجے شریش چودھری، اویناش بھالیراؤ، سابق ضلع صدر شیام تائڑے، مختادر دیشمکھ، مجیب پٹیل سمیت ضلع بھر کے متعدد رہنما اور کارکنان شریک رہے۔راویر، یاول، فیض پور، چناول، چوپڑا، پاچورہ، بھڈگاؤں، چالیس گاؤں اور شیندورنی سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں کارکنان جلگاؤں پہنچے اور احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔ احتجاج کے اختتام پر کانگریس وفد نے ضلع کلکٹر کے توسط سے حکومت کو ایک میمورنڈم پیش کی، جس میں مہنگائی پر قابو پانے، کسانوں کے مسائل حل کرنے اور پیپر لیک جیسے سنگین معاملات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور تعلیمی بدانتظامی سے شدید پریشان ہیں اور اگر حکومت نے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے تو کانگریس مستقبل میں مزید وسیع پیمانے پر عوامی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔
Comments
Post a Comment