گلوبل تلنگانہ فورم کے حج رضاکارانہ خدمات۔ جدہ قونصلیٹ کی ستائش-


ریاض ۔ (پریس نوٹ) گلوبل تلنگانہ فورم کی جانب سے حسب روایت حج 2026 میں بھی رضاکاروں کی حجاج کرام کی شاندار خدمات رہین۔ 
صدر گلوبل تلنگانہ فورم کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق خدمتِ خلق اور جذبۂ ایثار کی روشن مثال پیش کرتے ہوئے گلوبل تلنگانہ فورم (GTF) حج رضاکار ٹیم برائے حج سال 2026 نے حج کے مقدس ایام میں مکہ مکرمہ میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو اپنے شرف اور رضائے الٰہی کا ذریعہ بنایا۔
سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ حج رضاکار اجازت ناموں کے ساتھ، GTF کے رضاکار جدہ، ریاض، دمام اور سعودی عرب کے دیگر علاقوں سے یکجا ہو کر حجاج کرام کی رہنمائی اور مدد کے لیے میدان میں رہے۔
اس سال سعودی عرب کے مختلف شہروں سے آنے والے رضاکاروں نے منظور شدہ اجازت ناموں کے ساتھ حج رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ حج کے دوران صرف مجاز اور اجازت یافتہ رضاکاروں کو ہی خدمات انجام دینے کی اجازت ہوتی ہے۔ GTF رضاکاروں نے سعودی قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دین۔ 
اس رضاکارانہ مہم کی قیادت محمد جبار المعروف انّا بانی و صدر، گلوبل تلنگانہ فورم نے کی۔ جبکہ ان کے ہمراہ محمد لیق (نائب صدر) اور شیخ امتیاز (جنرل سیکریٹری) نے تنظیم، منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے انتظامات کی نگرانی کی۔ 
اس مشن میں GTF کے متعدد مرکزی اراکین نے بھی فعال کردار ادا کیا، جن میں ڈاکٹر جنید، حسین شبیر، فیض مستن باشا، شیخ، اور محمد یٰسین علی شامل ہیں، جنہوں نے ٹیم کی تقسیم، لاجسٹکس، اور مختلف مقامات پر خدمات کی نگرانی کی۔
حج سے قبل تمام رضاکاروں کے لیے جامع تربیتی اور رہنمائی سیشنز منعقد کیے گئے جن میں ذمہ داریاں، ہجوم کی نگرانی، حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت و ہدایت شامل تھی۔
خصوصی تربیت مینا، جمرات اور عزیزیہ کے علاقوں کے حوالے سے دی گئی، جس میں راستوں کے نقشے، حجاج کی نقل و حرکت، گرمی سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر شامل تھیں۔
ڈاکٹر جنید نے ایک خصوصی طبی آگاہی سیشن میں رضاکاروں کو صحت، پانی کی کمی سے بچاؤ، ہیٹ اسٹروک سے حفاظت، ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی اقدامات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔
رضاکاروں نے حجاج کرام کو ٹھنڈا پانی، خوراک، پھل، مشروبات اور اسنیکس بھی فراہم کیے۔ جو مختلف فلاحی تنظیموں کے تعاون سے منظم کئے گئے۔ اس خدمت کو حجاج کرام نے بے حد سراہا اور رضاکاروں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس سال خواتین رضاکاروں نے بھی حج خدمات میں بھرپور حصہ لیا۔ GTF کی ویمن وِنگ نے خواتین حجاج کی رہنمائی اور معاونت میں اہم کردار ادا کیا، جس سے خدمت کے دائرہ کار میں مزید بہتری آئی۔ مجموعی طور پر رضاکاروں ان کی محنت کو حجاج کرام نے بھرپور سراہا۔
GTF قیادت نے تمام رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حجاج کی خدمت ایک عظیم سعادت ہے اور یہ اللہ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ حج کے بعد تمام رضاکاروں، ٹیم لیڈرز اور کیپٹنز کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ستائشی سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز دیے جائیں گے۔
صدر فورم جبار انّا نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ تمام رضاکاروں کی خدمات قبول فرمائے، حجاج کا حج مقبول کرے اور اس نیک عمل میں شامل تمام افراد کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔