حاجی محمد سلطان میموریل اردو ہائی اسکول میں کامیاب طلبہ کی تہنیت۔
بیدر 29 اپریل (نامہ نگار )تعلیمی سال26-2025 کے ایس ایس ایل سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو گاوان ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے تہنیتی تقریب اسکول احاطہ میں منعقد ہوئی۔ جناب سید اظہرالدین صاحب سکریٹری گاوان ایجوکیشن سوسائٹی نے اسکول کے شاندار نتائج پر صدر مدرس اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور آیندہ بھی اسی طرح محنت سے طلباءکے مستقبل کو روشن کرنے کی ترغیب دی۔جناب رفیق احمد صاحب نے طلباءکو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی اور ملک و ملت کی خدمت کرنے کی ضرورت پر زور دیا نیز حق کی گواہی دینے کی اہمیت واضح کی۔جناب محمد اسحاق صاحب نے کہا کہ کالج کی تعلیم میں طلباءکو خدا ترسی اختیار کر نے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ وہاں اساتذہ کی نگرانی نہیں ہوتی۔جناب محمد فراست علی خان صاحب نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جیسی قابلیت پیدا کرکے ملک کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔مرزا محمود علی بیگ صاحب سرپرست طالبہ نے کہا اسکول کے بہتر نتائج اساتذہ اور صدر مدرس کی محنت اور دلچسپی کا نتیجہ ہے۔محمد معظم صاحب صدر مدرس نے اپنے افتتاحی خطاب میں ذمہ داران سوسائٹی ،اولیاے طلبہ کا استقبال کیا اور اسکول کے شاندار نتائج پر طلباء، اولیائے طلباءاور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔اور طلباءکو نصیحت کی کہ وہ دلچسپی اور محنت سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر یں۔انہوں نے کہا کہ آج تعلیم کے لیے دولت کی نہیں بلکہ محنت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حاجی محمد سلطان میموریل اسکول بیدر شہر کا قدیم اسکول ہے گذشتہ 60 سال میں اس اسکول کامیاب ہو نے والے طلبہ ہزاروں کی تعداد میں انجنیر ،ٹیچر،ڈاکٹر اور اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔انہوں نے مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اولیائے طلباءسے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو اردو میڈیم اسکول میں داخلے دلواکر اردو کی ترقی میں اپنا کردار ادا
کر یں۔مزید کہا کہ اس سال 59 طلباءنے امتحان دیا اور 54 طلباءنے کامیابی حاصل کی اس طرح اسکول کا نتیجہ 92 فیصد رہا۔اردو،حساب،سائنس اور سماجی سائنس کے نتیجے 100 فیصد رہے۔کنڑا کا 97 فیصد اور انگریزی کا 93 فیصد رہا۔ طالبہ عالیہ بیگم بنت مرزا محمود علی بیگ نے 510 نمبرات کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا اور مہک کوثر بنت عبدالرفیع نے 500 نمبرات کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا اور اردو کے پرچے میں 125میں سے 125 نمبرات حاصل کیا۔ اس موقع پر تمام کامیاب طلبہ وطالبات کی گلپوشی کی گئی اور انہیں میڈل و ٹرافی عطا کی گئی۔اس موقع پراساتذہ کی بھی شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔اس تہنیتی تقریب میں جناب محمد اقبال احمد صاحب صدر ،جناب محمد وزیر الدین صاحب نائب صدر ،جناب سید اظہر الدین صاحب سکریٹری ، جناب رفیق احمد صاحب جو اینٹ سکریٹری ،جناب محمد فراست علی خان صاحب خازن ،جناب محمد شفیع الدین صاحب ڈایریکٹر ، جناب محمد اسحاق صاحب ڈایریکٹر ،جناب محمد پرویز جمال صاحب ڈایریکٹر ،جناب سید مدثر حسین صاحب ڈایریکٹر ، جناب شیخ چاند صاحب ڈایریکٹر ، جناب محمد فہیم الدین صاحب ڈایریکٹر اور اولیائے طلباءشریک رہے۔جناب محمد سلیم الدین صاحب مدرس نے نظامت کے فرائض انجام دیے اورجناب سید ذکی احمد صاحب مدرس نے انتظامات کی نگرانی کی۔
Comments
Post a Comment