انٹر اسکول ڈرامہ مقابلے میں الحمد ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی کی نمایاں کامیابی۔
بھیونڈی: (راست) طلبہ و طالبات کی مخفی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان میں خود اعتمادی، تخلیقی شعور اور اسٹیج پر اظہار کی مہارت پیدا کرنے کے لیے مختلف تعلیمی و سماجی ادارے وقتاً فوقتاً بین المدارس مقابلوں کا انعقاد کرتے رہتے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر شہر بھیونڈی کی دو معروف تنظیموں سفینہ فاؤنڈیشن اور یونک تھیٹر کے اشتراک سے گزشتہ دنوں حفیظ میرج گراؤنڈ میں انٹراسکول ڈرامہ مقابلے کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔
اس باوقار مقابلے میں شہر کے مختلف اسکولوں نے شرکت کی، مقابلے میں الحمد ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج بھیونڈی کے اردو میڈیم کے پنجم تا ہشتم جماعت کے بیس طلبہ پر مشتمل گروپ نے بھی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ طلبہ نے معروف ڈرامہ نگار صادق انصاری کا تحریر کردہ ڈرامہ “خزاں کے پھول” کو نہایت عمدہ تیاری، مؤثر مکالمہ ادائیگی اور جاندار اداکاری کے ساتھ پیش کیا۔ اس ڈرامے کی ہدایتکاری کا فریضہ نور عالم انصاری نے بخوبی انجام دیا، جس کی بدولت اسٹیج پر پیشکش انتہائی منظم اور پُراثر رہی۔
طلبہ کی محنت رنگ لائی اور الحمد ہائی اسکول نے مجموعی طور پر مقابلے کا تیسرا انعام حاصل کرکے اپنی نمایاں کامیابی درج کرائی۔ مزید برآں، جماعت ہفتم کے طالب علم انصاری ارمش التمش کو بہترین اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ جماعت ہشتم کے طالب علم شیخ ناصر محمد لاریب کو بہترین مزاحیہ اداکار کا انعام عطا کیا گیا۔ یہ اعزازات طلبہ کی فنی صلاحیتوں اور اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اس شاندار کامیابی پر الحمد ایجوکیشن سوسائٹی مجلس منتظمہ کے عہدیداران و اراکین، ہیڈمسٹریس، تمام شعبوں کے انچارجز اور جملہ اسٹاف کی جانب سے تمام شریک طلبہ اور رہنما اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ تعلیمی و ہم نصابی میدانوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا۔
Comments
Post a Comment