اینگلو اُردو ہائی اسکول نندوربار میں سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات کا شاندار اختتام۔
نندوربار : (اکرام قادری) ضلع کا معروف تعلیمی ادارہ اینگلو اُردو ہائی اسکول و جونیئر کالج، نندوربار میں دو روزہ سالانہ تقریبِ تقسیمِ اسناد و انعامات نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں سال بھر منعقد ہونے والی مختلف تعلیمی، ادبی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے تقریباً 750 طلبہ و طالبات کو اسناد، میڈلز، ٹرافیاں اور خوبصورت انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر سائنسی نمائش، ریاضی کوئز، اُردو و انگلش گیمز، کھیلوں کے مقابلے، تحریری و تقریری مقابلے، مضمون نویسی، ڈرائنگ مقابلے، ثقافتی پروگرام اور جنرل نالج کوئز سمیت مختلف پروگراموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انعامات کی تقسیم کے دوران طلبہ میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑتی ہوئی نظر آئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس فیاض خان سر نے طلبہ کی محنت اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمہ جہت ترقی کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی بے حد ضروری ہیں۔ نائب صدر مدرس قمر رضا سر اور سپروائزر پنجاری خالد سر نے بھی طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے تمام اساتذہ، منتظمین اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ آئندہ بھی تعلیمی و تربیتی میدان میں اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھے گا۔
Comments
Post a Comment