مدراس پریزیڈنسی کالج میں شعبہ اردو کا افتتاح۔
(تمل ناڈو سے محمد رضوان اللہ کی رپورٹ) آپ کی خدمت میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ شعبہ اُردو تقریباً 15 سے 20 سال پہلے درج ذیل سرکاری کالجوں میں کام کر رہا تھا: پریزیڈنسی کالج، قائد ملت سرکاری کالج برائے خواتین، سرکاری بھارتی وومینز کالج نارتھ مدراس، کوئین میری کالج، اور نندانم آرٹس کالج چنئی۔
سوائے کوئین میری کالج کے، دیگر کالجوں میں اس وقت شعبہ اُردو سرگرم نہیں ہے۔
اب میں آپ کو خوشی کے ساتھ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ، کافی جدوجہد، نمائندگی اور پرنسپل سیکریٹری، قابلِ احترام وزیر اعلیٰ، معزز وزیر تعلیم عالیہ، ڈائریکٹر کالج ایجوکیشن، سیکریٹری اعلیٰ تعلیم اور رجسٹرار مدرس یونیورسٹی سے ذاتی ملاقاتوں کے بعد،
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلی کامیابی کے طور پر آپ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ گذشتہ جمعہ کو پریزیڈنسی کالج میں شعبہ اُردو کے تحت بی اے اُردو ڈگری کورس کو ڈی سی ای اور مدرس یونیورسٹی سے باقاعدہ منظوری مل گئی ہے، اور سات نئے طلباء کا داخلہ بھی ہو چکا ہے۔
یہ خبر تمام اُردو محبین کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔ شعبہ اُردو کے لیے نئے وزٹنگ لیکچرر کا تقرّر بھی ہو چکا ہے۔
انشاء اللہ پیر، یکم ستمبر 2025 سے نئی کلاسز شروع ہو جائیں گی۔
انشاء اللہ ہماری اُردو اکادمی کی مسلسل کوششیں جاری ہیں کہ چنئی کے دیگر تین کالجوں اور دوسرے اضلاع میں بھی شعبہ اُردو شروع کروایا جائے۔
اس لیے میں اُردو زبان کے چاہنے والوں سے درخواست کرتا ہوں کہ پریزیڈنسی کالج میں بی اے اُردو کورس کے لیے مزید سے مزید طلباء کی سفارش فرمائیں۔ پریزیڈنسی کالج کی ساری فیس اُردو این جی او اسپانسر کرے گی۔ براہ کرم اپنی مادری زبان سے محبت و وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے مزید طلباء کو کالج میں داخلہ لینے کی ترغیب دیں۔
یہ اطلاع آپ کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے۔
نیک تمناؤں اور دعا کے ساتھ
ڈاکٹر محمد نعیم الرحمٰن
نائب چیئرمین
تمل ناڈو اسٹیٹ اُردو اکادمی
حکومت تمل ناڈو
Comments
Post a Comment