چھٹیاں کیسے گزاریں۔از : ڈاکٹر اشفاق عمر
چھٹیاں کیسے گزاریں۔
از : ڈاکٹر اشفاق عمر
7385383867
پوری دنیا میں اسکولوں میں لمبی چھٹیاں دینے کی روایت موجود ہے۔ عام طور پرسال بھر دو مرتبہ یہ چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ گرمی کے موسم میں دنیا کے ہر ملک میں اسکولوں میں ۵سے لے کر ۱۴ ہفتے تک کی چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ ہندوستان میں عام طور پر ۶ ہفتے کی چھٹیاں ہوتی ہیں۔
عام طور پر موسم کی سختیوں کی وجہ سے لمبی چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ جب موسم ناقابلِ برداشت ہونے لگتا ہے تو بچوں کے اسکول بند کردئیےجاتے ہیں۔ لمبی چھٹیوں کے علاؤہ بھی اسکولوں میں مختلف تہواروں اور موقعوں پر چھٹیاں ہوتی ہیں۔
عام طور پرسرپرستوں کے لیےیہ چھٹیاں کافی مہنگی ثابت ہوتی ہیں۔ اب توبہت سارے لوگ یہ کہنے لگے ہیں کہ گرمیوں کی چھٹیوں کوایک بین الاقوامی تہوار کے طور پر منایا جانا چاہئے کیوں کہ ساری دنیا میں ہی گرمیوں میں اسکولوں میں چھٹیاں ہونے لگی ہیں۔اس کی وجہ سے پوری دنیا میں موسمِ گرما میں سفر کرنے والوں کی تعداد بھی کافی بڑھ گئی ہے۔ اس کے علاؤہ دنیا بھر کے بازاروں، محلوں، پارکوں اور ساحل سمندر کی رونقیں عروج پرنظر آتی ہیں۔ بچوں کی چھٹیوں کااب بڑے بھی پورے طور سے لطف لینے لگے ہیں جس کی وجہ سے ایسا ماحول بنتا جارہا ہے کہ بچوں سے زیادہ بڑوں کو ان چھٹیوں کا انتظار رہنے لگا ہے۔
ہم نے گوگل سے اسکول کی لمبی چھٹیوں کے بارے میں پوچھا تو دنیا بھر کے ممالک کی اسکولوں میں دی جانی والی چھٹیوں ، ان چھٹیوں کو اچھے انداز میں منانے کے طریقے وغیرہ پر کافی معلومات ملی۔
ایک بات اور ملی جس کا ذکر کرنا ضروری ہے۔
عام طور پر والدین کو یہ شکایت رہتی ہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں کےدوران بچے تعلیم سے دور ہوجاتے ہیں۔ وہ گھر پر پڑھائی نہیں کرتے جس کا نتیجہ یہ ہوتاہے کہ چھٹیوں کے ختم ہونے کے وقت تک ان کے ذہن سے وہ سارے اسباق نکل جاتے ہیں جو انہوں نے چھٹیوں سے پہلے پڑھے تھے۔
کئی والدین اس مسئلہ کو یوں حل کرتے ہیں کہ وہ چھٹیوں میں بچوں پر ٹیوشن کلاسوں کا بوجھ بڑھا دیتے ہیں۔ ایسے بچوں کے لیے چھٹیاں مصیبت بن جاتی ہیں۔
اسکول میں پڑھائی کے دنوں میں ہونے والی محنت اور تمام باتیں یاد کرنے اور چھٹیوں میں بھرپور کھیل کود اور سیر و تفریح میں اسباق کو بھولنے کی باتوں کے درمیان بھی کچھ باتیں ہیں جن پر دھیان دیا جائے تو آپ کی شخصیت نکھر سکتی ہے۔
آپ نے بھرپور پڑھائی کی اور سال بھر زبردست محنت کرتے ہوئے اسکول کی ہر بات کو سمجھ لیا اور یاد کرلیا تو یقیناً آپ کا رزلٹ بہترین ہوگا۔ اسی طرح سےآپ ہر سال محنت کرتے رہے تو آپ کا مستقبل روشن ہونےکے پورے پورے امکانات ہیں۔ آپ ایک بہترین کام شروع کرسکتے ہیں یا بہترین نوکری مل سکتی ہے۔ اتنا ہونے کے بعد بھی آپ ایک مطمئن زندگی نہیں پاسکتے کیوں کہ مکمل طور پر پڑھائی سے وابستہ رہنے کی وجہ سے آپ بہت ساری صلاحیتوں اور قابلیتوں کو حاصل کرنے میں ناکام رہ جاتے ہیں۔ یہ باتیں تکلیف دہ ہوتی ہیں۔ ان باتوں کا حل بھی ہے۔اسکول میں پڑھائی پر پورا دھیان دیا جاتا ہے تو چھٹیوں کو ضائع نہ کیا جائے بلکہ ان میں اپنے اندر ایسی خوبیوں کو پیدا کرنے کی کوشش کی جائے جو عملی زندگی میں کام آسکیں۔
چھٹیوں میں ایسا ٹائم ٹیبل بنایا جائے جس کی وجہ سے کھیل کود اور سیر و تفریح بھی ہوتی رہے اور کچھ سیکھنے سکھانے کا موقع بھی ملتا رہے۔ہم چند باتوں کا ذکر کرنا چاہتے ہیں۔
۱) چھٹیوں میں اسکول ہوم ورک :
ہر اسکول میں طلبہ کو چھٹیوں کا ہوم ورک دیا جاتا ہے۔ ہوم ورک دینے کا مقصد بچوں کو چھٹیوں میں پڑھائی سے جوڑے رکھنا ہوتا ہے تاکہ وہ اپنے پڑھے ہوئے سبق کونہ بھولیں۔دیکھا گیا ہے کہ چھٹیوں کا زیادہ تر وقت کھیل کود اور گھومنے میں نکال دیا جاتا ہے۔ اسکول شروع ہونے سے کچھ دن پہلے ہوم ورک مکمل کرنے کا تناؤ شروع ہوتا ہے۔ یہ ایک غلط سوچ اور غلط کام ہے۔ اگر آپ نے روزانہ کچھ وقت گھرکام کرنے میں گزار دیا تو اس سے چھٹی کا مزہ خراب نہیں ہوگا اور آپ اسکول سے اپنے آپ کو دور نہیں پائیں گے۔ اس سے آپ کے ذہن میں تمام اسباق تازہ رہیں گے۔ جب تک گھر کام مکمل نہ ہو، اس وقت تک آپ کو تناؤ رہے گا یعنی گھومنے پھرنے اور کھیل کود کے دوران بھی آپ کو اس کی فکر ہوگی۔ اس طرح آپ کو چھٹی کا وہ مزہ نہیں مل سکتاجو آپ چاہتے ہیں۔ اس کا حل یہی ہے کہ روزانہ گھر کام کا تھوڑا تھوڑا حصہ کرتے رہیں اور کھیل کود میں بے فکری سے حصہ لیں۔
۲) کھیل کود :* ⛹🏻♂️ ⛹️♀️ 🚴
چھٹیوں میں آپ لوگ کھیل کود میں لگے رہتے ہو۔ ہم اس کام سے روکیں گے نہیں بس ایک مشورہ دیں گے کہ ہر کھیل کو اس کے اصول اور ضابطوں کے مطابق کھیلیں۔ اس سے آپ کو بہت فائدے ہوں گے۔ مثلاً کھوکھو کھیل رہے ہیں تو کھوکھو کے قوانین کی روشنی میں یہ کھیل کھیلیں۔ ایسا ہوا تو آپ کا کھیل نکھر جائے گا اور اسکول کی ٹیم میں شامل ہوکر آپ نیشنل لیول اور اس سے آگے تک پہنچ سکتے ہیں۔
۳) ٹی وی دیکھنا : 📺
عام طور پر لوگ بچوں کو ٹی وی سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں کیوں کہ آپ لوگ زیادہ تر کارٹون ، فلم اور ایسے ہی دوسرے پروگرام دیکھتے ہیں جن سے فائدہ تو نہیں ملتا، الٹا نقصان ہوجاتا ہے۔ ایسے حالت میں ہم آپ کو ٹی وی دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں مگر چند شرائط کے ساتھ۔ آپ کو چاہئے کہ اردو، ہندی اور انگریزی نیوز چینل دیکھیں۔ نیوز چینل دیکھنے سے آپ کی اردو، ہندی اور انگریزی زبان میں سدھار پیدا ہوسکتا ہے۔ آپ کو نئے نئے الفاظ اور الفاظ کے درست تلفظ سننے کا موقع ملے گا۔ آپ الفاظ کے درست استعمال کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ نیوز چینلوں کے ساتھ آپ تعلیمی اور معلوماتی پروگرام ضرور دیکھیں۔ اس طرح ٹی وی آپ کے لیے زحمت نہیںرحمت ثابت ہوسکتی ہے۔
۴) کمپیوٹر کلاس : 🖥️
زیادہ تر گھروں میں کمپیوٹر موجود ہیں۔ چھٹیوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر کو استعمال کرنے کا طریقہ سیکھیں۔ آج کل اسکول میں سکھائی جانے والی بہت ساری باتیں انٹرنیٹ اور کمپیوٹر پروگرام وغیرہ کی شکل میں موجود ہیں۔ چھٹیوں میں آپ یکسوئی سے کمپیوٹر سیکھیں اور پھر سال بھر اس کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پڑھائی کو آسان بناتے رہیں۔
۵) سیر و تفریح : 🚗🚗
زیادہ تر بچے چھٹیوں میں گھومنا پھرنا چاہتے ہیں۔ وہ بڑے لمبے چوڑے پلان بناتے ہیں۔اس دوران وہ ایک بات بھول جاتے ہیں کہ گھومنے پھرنے میں خرچ آتا ہے۔ زیادہ تر ماں باپ بھرپور محنت کرتے ہوئے بچوں کا خرچ پورا کرتے ہیں۔ ایسے میں چھٹیوں میں کی جانے والی لمبی چوڑی فرمائشیں انہیں تکلیف پہنچاتی ہیں۔ ہم بچوں سے یہی کہنا چاہیں گے کہ اپنے معاشی حالات کے مطابق ہی سیروتفریح کا پلان بنائیں۔ آپ کوچاہئے کہ سال بھر اپنے جیب خرچ سے بچت بھی کریں تاکہ ایسے کسی وقت وہ پیسہ کام آسکے۔
۶) شخصیت سازی کی کلاسوں میں جانا :
اسکولوں میں پورا زور نصاب مکمل کرنا اور بچوں کو ہر بات رٹانےپر زور دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ان کی شخصیت کی نشونما کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔ اسی لیے اب ہائی اسکول لیول سے ہی شخصیت سازی کی کوششیں شروع ہوجاتی ہیں۔یہ بات ذہن میں رکھیں کہ بچپن سے ہی آپ کے ماں باپ آپ کو اچھے برے کی تمیز بتاتے چلے آرہے ہیں اور وہ آپ کو ایک اچھا آدمی بنانے کی جو کوششیں کرتے ہیں وہ سب شخصیت سازی ہی کہلائیں گی۔ آپ کو شخصیت سازی کے نام پر جو بھی پڑھایا جاتا ہے وہ آپ کو زندگی بھر فائدہ پہنچائے گا۔
چھٹیوں کو بچوں میں اعتماد بڑھانے اور بہتر نشوونما کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے اس لیے چھٹیوں میں منعقد کی جانے والی شخصیت سازی کی کلاسوں میں جائیے اور اپنے آپ کو سنوارئیے۔
چھٹیاں ہماری شخصیت میں موجود صلاحیتوں اور قابلیتوں کی نشونما اور پرورش کا بہترین موقع دیتی ہیں۔آپ ان صلاحیتوں کو نکھارنے کی پوری پوری کوشش کریں۔
۷) مختلف ہنر سیکھنا :
چھٹیوں میں مختلف ہنر سکھانے والی کلاسیں بھی شروع ہوتی ہیں۔ اگر آپ کوئی ہنر سیکھ لیتے ہیں تو یہ آپ کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ تیراکی، اسکیٹنگ، کوئی کام مثلاً سائیکل درستی کورس، موبائل درستی کورس، کمپیوٹر کورس وغیرہ سیکھنا فائدہ مند ہوتا ہے۔ لڑکیاں مہندی لگانا، سلائی کڑھائی اور ایسے ہی کورسوں میں داخلہ لے کر اپنے آپ کو باہنر بنا سکتی ہیں۔
۸) ٹائم ٹیبل بنانا :
چھٹیوں میں آپ کے پاس بھرپور وقت ہوتا ہے۔ اس وقت کو صحیح ڈھنگ سے استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ منصوبہ بند طریقے سے کام کریں۔ آپ نے دن بھر کے کاموں کا ٹائم ٹیبل بنالیا تو آپ اپنے ہر منٹ کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ٹائم ٹیبل ایسا بنائیں کہ آپ کی اسکول کی سرگرمیاں اور دوسرے تمام کام مکمل ہوتے رہیں۔
۹) بڑوں کے ساتھ وقت گزارنا :
کتابوں سےزندگی کا تجربہ نہیں ملتا۔ چھٹیوں میں کافی وقت ملتا ہے تو اس میں سے کچھ وقت اپنے بزرگوں کے ساتھ بھی گزاریں۔ آپ جن کی گود میں کھیل کر بڑے ہوئے ہیں، اگر آپ نے ان کے ساتھ بھرپور وقت گزارا تواس سے انہیں اچھا لگے گا ۔ بزرگوں کے پاس زندگی کا علم اور تجربہ ہوتا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان باتوں کو اپنے بچوں تک پہنچائیں تاکہ وہ ان باتوں اور تجربات سے فائدہ اٹھا کر اپنی زندگی کو آسان بنائیں۔ ان کی باتوں سے آپ کو وہ علم ملے گا جو بیش قیمتی ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment