بزمِ یارانِ ادب ممبئی کی جانب سے نویں ماہانہ طرحی نشست بعنوان "بیاد محسن نقوی "کا انعقاد۔
Report
ممبئ: (نامہ نگار) مؤرخہ 21/ جنوری 2024 ، بروز اتوار کو شام چار بجے بزمِ یارانِ ادب ممبئی کی جانب سے نویں ماہانہ طرحی نشست بعنوان "بیاد محسن نقوی "کا انعقاد کیا گیا ۔ مشاعرے کا اشتہار بزم کی جانب سے پہلے ہی جاری کیا گیا تھا ۔ جس کے مطابق دیے گئے مصرع طرح پر شعراء نے طبع آزمائی کی عمدہ کوشش کی ۔ ڈاکٹر اظہر اعظمی نے اس ماہانہ طرحی نشست کی صدارت فرمائی ۔ کیف حسین بنارسی نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دیے ۔
محفل کا آغاز آمنہ امل ادریسی کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ بعد قرأت اسرار احمد صاحب نے نعت رسول پڑھ کر خوشگوار فضا قائم کی ۔ عمران عطائی نے تمام شریک شعرا کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انھیں اپنا کلام پیش کرنے کے لیے باری باری دعوتِ سخن دیا گیا۔ قیام شاہ ، شوکت علی ، عمران عطائی ، پرویز شیخ ، محمد احمد ، توصیف کاتب ، نظر رائےبریلوی ، اسرار احمد، حنظلہ صدیقی ، حفظ الرحمن آشنا ، بلال تیغی ، اکبر علی ، شاعرہ آمنہ امل ادریسی مصباح الدین ماہمی ، تمام شعرا نے اپنا خوب صورت کلام پیش کیا ۔ سامعین نے شعراء کے کلام کو خوب سراہا اور بلا اکتاہٹ دل چسپی کا مظاہرہ کیا ۔ ان کے علاوہ بیرونی شہر و ملک کے شعرا نے بھی اپنا کلام بذریعہ وہاٹس اپ ارسال کیا تھا جنھیں نشست پر ان کے نام سے پیش کیا گیا ۔ صدرِ محفل ڈاکٹر اظہر اعظمی نے نو جوان شعراء کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا اور بزمِ یارانِ ادب ممبئی کی کاوشوں پر دادو تحسین پیش کی۔ انھوں نے اسی مصرع طرح پر اپنا کلام بھی پیش کیا ۔آخر میں توصیف کاتب نے بزم کی جانب سے تمام شرکا و شعراء کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور 17 فروری کو ممبئی یونیورسٹی میں ہونے والے اردو جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔
Comments
Post a Comment