غیر اردو داں حضرات کو اردو لکھنا پڑھنا سکھانے کے لیے مفت کلاسز کا شاندار افتتاح۔کاجل نگر ڈیولپمنٹ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، سولاپور کا مستحسن قدم۔
شولاپور : نامہ نگار ( اقبال باغبان) کاجل نگر ڈیولپمنٹ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام غیر اردو داں حضرات کو اردو لکھنا پڑھنا سکھانے کے لیے کمیٹی کے صدر الحاج فیاض ملّا کی صدارت میں کاجل نگر مسجد میں افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کاآغاز مولانا عمران صاحب کے خوش الحان تلاوت سے ہوا۔ کمیٹی کے فاونڈر صدر عبدالمنّان شیخ نے اغراض ومقاصد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے قیام ہوتے ہی 2018 میں "آو قرآن سیکھیں " 28 دنوں کا یہ پروگرام نہایت ہی کامیابی کے ساتھ عمل میں لایا گیا۔کمیٹی کے تمام عہدیداران اور ڈائریکٹرس کی ہمہ جہت کوشش اور بے لوث خدمات ، محلّے کے لوگوں کے تعاون اور اس حلقہ کے ہر دل عزیز میونسپل کونسلر توفیق شیخ صاحب (پہلوان) کی خصوصی کوشش نے محلّے کو مثالی محلہ بنایا اس لیے آج کاجل نگر لوگوں کی آنکھوں میں کاجل بن کر تارے کی کی طرح چمک رہا ہے ۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ غیر اردو داں حضرات کو اردو سیکھانے کا یہ منفرد اقدام محلے کے لیے باعثِ فخر و مسرّت کا پیغام دے گا۔ بعد ازاں صدرِجلسہ الحاج فیاض ملاّ ،سکریٹری ارمان جاگیردار صاحب ،مہمانان خصوصی الحاج ڈاکٹر الیاس شیخ صاحب ،الحاج انور کمیشنر صاحب ،مولانا عمران صاحب ،جوائنٹ سکریٹری الحاج ریاض تنبولی، مولانا ناظم صاحب کی خدمت گلہائے عقیدت پیش کرکے استقبال کیا گیا۔اردو کلاس کے لیے موجود تمام حضرات کی خدمت میں گلاب کے خوبصورت پھول پیش کرکے استقبال کیا گیا۔افتتاحی پروگرام میں معروف ڈاکٹر الحاج الیاس شیخ صاحب بطورِ مہمانِ خصوصی موجود رہ کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی خوشی و مسرّت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو بڑی لطیف ،جامع اور شیریں زبان ہے ۔یہ لوگوں کو جوڑنے والی عالمی شہرت یافتہ میٹھی زبان ہے۔ احادیث اور قرآن کی تفاسیر زیادہ تر اردو زبان میں ہیں یہ نیک عمل مسجد میں شروع کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ الحاج انور کمیشنر صاحب جو بطور مہمانِ خصوصی موجود تھے اپنے پر اثر انداز میں کہا کہ اردو ایک زندہ زبان ہے ۔ملک کی تعمیر وترقی اور آزادی میں اردو ادب کا اہم کردار رہا ہے ۔ یہ زبان کبھی مٹے گی نہیں اردو کے چاہنے والوں کے لبوں پر ہمیشہ رہے گی جو مٹھاس اردو میں ہے کسی اور زبان میں نہیں ہے۔اپنے جذبات کی صحیح ترجمانی کے لیے اپنی مادری زبان اردو ہی کام آتی ہے۔ مزید کاجل نگر کمیٹی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کاجل نگر کے لوگ زندہ دل ہیں۔غیر اردو داں کو اردو لکھنا پڑھنا سکھانے کے اقدام کو مثبت قرار دیا ۔ اس محلے کے لوگ متحد ہوکر دینی ،سماجی تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں یہ دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے اردو کے کئی خوبصورت اشعار سنا کرشرکائے محفل کو بے حد محظوظ کیا۔مولانا عمران صاحب نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مذہب کا بیش تر اثاثہ اردو میں ہے۔اس لیے ہمیں اردو سے محبّت کرنی چاہیے اور محبّت کا تقاضا ہے کہ ہمیں اردو سیکھنا چاہیے۔اردو کلاس کے لیے موجود وسیم سر نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اردو سے محبّت ہے لیکن سیکھنے کا موقع نہیں ملا لیکن آج میں خوش،ہوں کہ مجھے سیکھنے کا موقع ملا۔اردو بڑی پیاری زبان ہے اسے سیکھنے سے ہماری شخصیت سازی میں اضافہ ضرور ہوگا۔صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے الحاج فیاض ملّا صاحب نے کہا کہ کمیٹی ہمیشہ تعمیری کام کرتی آرہی ہے۔ "آو قرآن سیکھیں " اس پروگرام کے بعد سے ہی لوگوں کی یہ خواہش تھی کہ اردو سیکھنا چاہیے۔ہمارا یہ اقدام ضرور رنگ لائے گا۔ مستقبل میں مراٹھی اور انگریزی میڈیم کے طلبہ کے لیے بھی اردو سکھانے کے لیے کوشاں رہیں گے ۔ اس موقع پر عبدالواحد انجینئر صاحب ،رفیق شیخ صاحب ،محبوب سوار سر،وسیم شیخ سر، نظام الدین عطار سر، عبدالرحمن سید صاحب، شفیق کرجگیکر صاحب، الحاج اشفاق شیخ صاحب اور دیگر معزز حضرات موجود تھے۔تمام پروگرام کی نظامت جوائنٹ سیکرٹری الحاج ریاض تنبولی نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں انجام دی ۔الحاج سکندر سر کے اظہار تشکّر کے بعد یہ کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
Comments
Post a Comment