انجمن اسلام دھارواڑ میں یومِ اساتذہ کی شاندار تقریب اساتذہ نئی نسل کی کردار سازی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں : محمداسمعیل ٹامٹگار
دھارواڑ7ستمبر 2026 : انجمن اسلام دھارواڑ کے وسیع و عریض کیمپس میں یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر صدر انجمن اسلام دھارواڑ نے اپنے خطاب میں اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ استاد کا کردار صرف طلبہ کو کتابی علم فراہم کرنے تک محدود نہیں ہوتابلکہ ایک استاد آنے والی نسلوں کی کردار سازی، فکری تربیت اور شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اسلام کے اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو نہایت محنت، اخلاص اور احساسِ فرض کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور ادارے کی ترقی و کامیابی میں ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے موجودہ دور کے تعلیمی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی نے بچوں کو کم عمری ہی میں بے شمار معلومات تک رسائی فراہم کر دی ہے۔ ایسے حالات میں استاد کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ استاد کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی صحیح رہنمائی کرے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے مثبت، تعمیری اور ذمہ دارانہ استعمال سے واقف کرائے۔انہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کے حوالے سے کہا کہ طلبہ کو مصنوعی ذہانت سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اس کے درست اور مثبت استعمال کی تربیت دی جانی چاہیے۔ جدید ٹیکنالوجی کو طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیق، غوروفکر اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی استاد کا متبادل نہیں بلکہ ایک مؤثر ذریعہ ہے جسے دانش مندی کے ساتھ بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔صدر انجمن نے مزید کہا کہ انجمن اسلام کی تعلیمی ترقی اور کامیابی میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ ان کی محنت، اخلاص اور مسلسل جدوجہد ہی ادارے کو مزید بلندیوں تک لے جا سکتی ہے۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر انجمن اسلام کے زیرِ انتظام مختلف تعلیمی اداروں کے بہترین خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی پیش کیے گئے۔محترمہ شبینہ ماملید اردوپرائمری اسکول، رفیق احمد کلیدار سر انگلش میڈم اسکول،محترمہ کوثر بیجاپورہائی اسکول، شرمتی شوبھاپی یو کالج، پروفیسر الاس دوڈمنی ڈگری کالج اورپروفیسر ارشاد ہویلگول بی بی کالج کے منتخب اساتذہ کو ان کی مثالی تدریسی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل قوت اس کی عمارتیں یا سہولیات نہیں بلکہ اس کے مخلص اور باصلاحیت اساتذہ ہوتے ہیں جو طلبہ کو علم کے ساتھ ساتھ اخلاق، نظم و ضبط، ذمہ داری اور زندگی کے مثبت اقدار سے آراستہ کرتے ہیں۔پی یو سال دوم کے طالب علم محمدزید نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ڈگری کی طالبہ سندھو نے شلوک پیش کئے۔اس موقع پر ڈگری کالج کے صدر شعبہ کنڑا داکٹر میٹی ردریش نے یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے تاثرات پیش کئے نظامت کے فرائض ایجوکیشن بورڈ کے رکن الحاج خیرالدین شیخ نے نہایت عمدگی سے انجام دیےجبکہ ایجوکیشن بورڈ کے رکن جناب یاسین علی ہاویرپیٹ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور مہمانوں و شرکاء کا خیرمقدم کیا۔تقریب کے اختتام پر ایجوکیشن بورڈ کے رکن ڈاکٹر این ۔ایم. مکاندار نے ہدیۂ تشکر پیش کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام ذمہ داران، اساتذہ اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ جس میں انجمن اسلام کے زیرِ انتظام تمام تعلیمی اداروں کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب میں نائب صدرالحاج بشیراحمدجاگیردار،سکریٹری ڈاکٹر سید قدیر ناظم سرگروہ،جناب ریاض احمد ننھے صاحب نور،دیگراراکین، انتظامیہ کے ذمہ داران اور مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ موجود تھے۔پروگرام کے اختتام پر تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یومِ اساتذہ کی اس تقریب کے باعث پورے انجمن اسلام کیمپس میں جشن اور خوشی کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ اساتذہ کے لیے یہ دن نہ صرف اپنی خدمات کے اعتراف کا باعث بنا بلکہ انہیں مزید جوش، عزم اور حوصلے کے ساتھ تعلیمی و تربیتی ذمہ داریاں انجام دینے کا پیغام بھی دے گیا۔(رپورٹ:ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،دگری کالج دھارواڑ)
Comments
Post a Comment