ووٹرز کےحقوق کے تحفظ اور الیکشن کمیشن کے خلاف زبردست احتجاج، ایڈوکیٹ طاہر حُسین سمیت کئی قائدین حراست میں لیے گئے
بنگلورو (2/ ستمبر 2026):ریاست میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی (SIR) کے دوران پیدا ہونے پیچیدگیوں اور عوامی پریشانیوں کے خلاف مورخہ ایکم ستمبر کو مختلف سماجی تنظیموں اور سیکولر سیاسی پارٹیوں کے زیر اہتمام فریڈم پارک، بنگلورو میں ایک عظیم الشان "الیکشن کمیشن چلو" احتجاجی مظاہرہ منظم کیا گیا۔ اس احتجاج کا بنیادی مقصد عام ووٹرز کے جمہوری حقوق کا تحفظ اور الیکشن کمیشن کی مبینہ بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار تھا۔
احتجاجی قائدین نے الیکشن کمیشن کے سامنے درج ذیل کلیدی مطالبات رکھے:
شفاف عمل: ووٹر فہرستوں کی نظر ثانی کا پورا طریقہ کار شفاف، آسان اور عوام دوست بنایا جائے اور الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ اس عمل کے دوران کوئی بھی اہل ووٹر چھوٹنے نہ پائے۔
محروم ووٹرز کی بحالی: فہرست سے خارج کیے گئے کم از کم 60 لاکھ ووٹرز کو دوبارہ نام درج کرانے کا موقع دیا جائے اور اس کے لیے آخری تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ ہر اہل شہری کو اپنے ووٹ کے حق کے تحفظ کے لیے مناسب موقع اور کافی وقت مل سکے۔
فارم کی تبدیلی: 'منتقل شدہ' (Shifted) زمرے میں ڈالے گئے ووٹرز کو نیا فارم 6 بھرنے کے بجائے فارم 8 کے ذریعے ہی اندراج کی منتقلی کی اجازت دی جائے۔
تفصیلات کی عوامی اشاعت: جن 43 لاکھ ووٹرز کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، ان کے نام اور نوٹس جاری کرنے کی وجوہات کو عام کیا جائے۔
گرام و وارڈ سبھا:گرام سبھاؤں اور وارڈ سبھاؤں کا انعقاد مناسب تشہیر کے ساتھ منظم اور باقاعدہ انداز میں کیا جائے۔
مدت میں توسیع:اعتراضات اور دعوے دائر کرنے کی مدت کو بڑھا کر کم از کم چھ ماہ کیا جائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشنر خود احتجاج گاہ پہنچ کر ان کا یادداشت نامہ (memorandum) قبول کریں۔ تاہم، کمشنر کے نہ آنے پر غصے میں آئے مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے دفتر کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے گھیراؤ کی کوشش کی۔
اس موقع پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے کئی سرکردہ رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین، ریاستی نائب صدر حبیب اللہ خان، ریاستی سکریٹری طلعت یاسمین، FITU کے ریاستی کنوینر راجا نائک، ریجنل سکریٹری عرفان، اور بنگلورو خواتین ونگ کی سکریٹری طیب و دیگر شامل تھے۔ بعد ازاں پولیس نے تمام محبوسین کو رہا کر دیا۔
مظاہرین نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ووٹر فہرستوں کی نظر ثانی کے عمل کے دوران کوئی بھی اہل ووٹر محروم نہ رہے، اور ہر اہل شہری کو اپنے ووٹ کے حق کے تحفظ کے لیے مناسب موقع اور کافی وقت فراہم کیا جائے۔
اس احتجاجی مظاہرے میں ریاستی جنرل سکریٹری ریاض احمد، ایس ڈبلیو سی رکن پربھاکر، بنگلورو ساؤتھ کے صدر امتیاز احمد سمیت متعدد دیگر قائدین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Comments
Post a Comment