خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کی جانب سے معروف خاتون صحافی و اردو ٹائمز کی روح رواں قمر النساء سعید کو خراجِ عقیدت۔


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : معروف خاتون صحافی، روزنامہ اردو ٹائمز ممبئ کی روح رواں اور اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمت گار کے قمر النساء سعید احمد انتقال پرملال پر خاندیش اردو کونسل، جلگاؤں کی جانب سے گہرے رنج و غم اور دلی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
صدر عقیل خان بیاولی اور سیکریٹری سعید پٹیل نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے، مگر بعض شخصیات اپنے علمی، ادبی، صحافتی اور سماجی کارناموں کے باعث دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی اپنے افکار و خدمات کی صورت میں زندہ رہتی ہیں۔ مرحومہ بھی ایسی ہی باوقار اور فعال شخصیت تھیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان، اردو صحافت اور ادب کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے ایسے دور میں اردو اخبارات اور اردو صحافت کی آواز کو مستحکم کرنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کیا، جب اردو صحافت کو مختلف معاشی و سماجی مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے اردو اخبارات کے فروغ، صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور اردو زبان کے وقار کی سربلندی کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی تحریری و صحافتی خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اردو اخبارات کے لیے ان کی محبت، وابستگی اور عملی جدوجہد کو اہلِ اردو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
خاندیش اردو کونسل کے ، رابطہ کار نوشاد حمید، ثاقب پٹیل اور ذیشان عمران خان سمیت جملہ اراکین و متفقین نے بھی مرحومہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخلص، باصلاحیت اور اردو دوست قلم کار کا رخصت ہونا اردو دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ مرحومہ نے اپنی قلمی کاوشوں کے ذریعے اردو زبان و ادب کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیا اور اردو صحافت کے میدان میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی۔ مرحومہ کی اردو صحافت، ادبی خدمات اور اردو اخبارات کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی زندگی اردو سے محبت، زبان کی پاسداری اور ملت و معاشرے کی فکری رہنمائی کا روشن باب ہے۔کونسل نے مرحومہ کے لیے بارگاہِ رب العزت میں مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کرتے ہوئے پسماندگان، اہلِ خانہ، متعلقین اور تمام سوگواران سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی تمام لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی علمی و ادبی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
عقیل خان بیاولی صدر۔
 سعید پٹیل، سیکریٹری۔
نوشاد حمید، رابطہ کار، ثاقب پٹیل، ذیشان عمران خان، و جملہ اراکین و متفقن، خاندیش اردو کونسل، جلگاؤں

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔