استاد کی محبت - ازقلم : پروفیسر مقبول احمد مقبول چٹگوپہ ،ضلع بیدر (کرناٹک)
استاد کی محبت -
ازقلم : پروفیسر مقبول احمد مقبول
چٹگوپہ ،ضلع بیدر (کرناٹک)
90285 98414
تم کچھ نہ پاسکو گے، ہے طے شدہ حقیقت
جب تک نہ ہوگی تم کو ، استاد سے محبت
ہر ذی شعور انساں ، جانے ہے یہ حقیقت
استاد کا ادب بھی، ہوتی ہے اک عبادت
دل میں بسائے رکھو ، استاد کی محبت
لکھنا سکھایا تم کو ، پڑھنا سکھایا تم کو
آگے ہی آگے ہر دم ، بڑھنا سکھایا تم کو
یعنی بلندیوں پر ، چڑھنا سکھایا تم کو
ہرگز نہ عار سمجھو، کرنے کو اس کی خدمت
دل میں بسائے رکھو، استاد کی محبت
کتنی ہی کوششوں سے، کی تربیت تمھاری
اُس کے طفیل تم میں ، آئی ہے ہوشیاری
تم کو سدھارنے میں، کی ختم عمر ساری
اس کے کرم کی تم سے، ہوگی ادا نہ قیمت
دل میں بسائے رکھو ، استاد کی محبت
ڈانٹے اگر کبھی تو ، ناراض تم نہ ہونا
مارے اگر کبھی تو ، زنہار تم نہ رونا
یہ ہیں فضول باتیں ، اس میں نہ وقت کھونا
استاد کی ڈپٹ بھی ، ہے اک طرح کی شفقت
دل میں بسائے رکھو، استاد کی محبت
ماں باپ کا ادب بھی تم نے اسی سے سیکھا
بھائی بہن کا رتبہ تم نے اسی سے جانا
اب اور کیا بتاؤں سیکھا ہے تم نے کیا کیا
نیکی ہمیشہ جانو ، پانے کو اس کی قربت
دل میں بسائے رکھو ، استاد کی محبت
معلوم خیر و شر بھی ، استاد ہی سے ہوگا
دنیا سے با خبر بھی، استاد ہی سے ہوگا
ہر کوئی با ہنر بھی، استاد ہی سے ہوگا
پہچانو پیارے بچو! استاد کی حقیقت
دل میں بسائے رکھو، استاد کی محبت
پروفیسر مقبول احمد مقبول
چٹگوپہ ،ضلع بیدر (کرناٹک)
90285 98414
Comments
Post a Comment