ٹیچ می میتھمیٹکس مقابلے میں رئیس ہائی اسکول کی نمایاں کامیابی


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) میتھمیٹکس سوسائٹی، بھیونڈی کے زیرِ اہتمام معلومہ ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی میں بین المدارس ریاضی وضاحتی مقابلہ ’’ٹیچ می میتھمیٹکس‘‘ (Teach Me Mathematics) کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا مقصد طلبہ میں ریاضی کے بنیادی اصولوں، فارمولوں اور مسائل کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ انھیں سادہ، مؤثر اور پُراعتماد انداز میں دوسروں کے سامنے پیش کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔
مقابلے میں طلبہ نے ریاضی کے مختلف اصول، ضابطوں یا مسائل میں سے کسی ایک موضوع کا انتخاب کرکے اسے چارٹ، ماڈل اور مختلف اشیا کی مدد سے آسان اور دلچسپ انداز میں سمجھایا۔ رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی کی جانب سے گروپ ’اے‘، جماعت پنجم تا ہفتم، میں جماعت ششم ’اے‘ کے طالبِ علم شیخ شاذل فیضان احمد اور جماعت پنجم ’بی‘ کے طالبِ علم شیخ حذیفہ عمران احمد نے حصہ لیا۔
دونوں طلبہ نے بہترین تیاری، پُراعتماد اندازِ پیشکش اور ریاضی کے پیچیدہ تصورات کو آسان اور قابلِ فہم انداز میں بیان کرنے کی صلاحیت کا شان دار مظاہرہ کیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں انھیں تیسرا انعام حاصل ہوا۔ طلبہ کی اس کامیابی سے ادارے کا نام روشن ہوا۔ طلبہ کی تیاری اور رہنمائی میں فریسہ فقیہ اور ندا ڈولارے نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی محنت اور مؤثر رہنمائی کو بھی سراہا گیا۔
طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے چیئرمین یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو اور جملہ اساتذہ و اسٹاف نے کامیاب طلبہ اور ان کی رہنما اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں ریاضی سے دل چسپی، تخلیقی صلاحیت اور اظہارِ خیال کا اعتماد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔