ہندی کا ملک اور سماج کی ترقی میں اہم کردار: ایوب نلا مندو - سوشل اردو - مراٹھی ہائی اسکول میں ہندی ہفتہ کا اختتام -


ہندی کا ملک اور سماج کی ترقی میں اہم کردار: ایوب نلا مندو - 
سوشل اردو - مراٹھی ہائی اسکول میں ہندی ہفتہ کا اختتام - 

شولاپور - : (راست) ہر سال 14 ستمبر کو ہندی زبان کی ترویج و ترقی کے لیے 'ہندی دیوس' منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں 18 ستمبر کو شولاپور کے سوشل اردو - مراٹھی ہائی اسکول میں ہندی ہفتہ کا اختتام نہایت جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔

اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شریک مشہور ادیب و صحافی ایوب احمد نلامندو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندی دنیا کی بہترین زبانوں میں سے ایک ہے۔ ہندی ادب میں وقت کے ساتھ سماج میں آنے والی تبدیلیوں کو بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ موجودہ سماج اور پورے ملک کی ترقی میں ہندی زبان کا بہت بڑا کردار ہے۔ ہمیں ہر زبان کا احترام کرنا چاہیے، جبکہ ہندی اور اردو کا رشتہ ماں اور خالہ جیسا ہے۔

ہندی شعبہ کی جانب سے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدارت کر رہیں اسکول کی متحرک سپروائزر یاسمین شیخ میڈم نے ہندی دیوس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو ہندی زبان اچھی طرح سیکھنے اور اسے مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ برسوں سے ہندی نے پوری دنیا میں اپنی ایک منفرد پہچان بنائی ہے۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے گیت، دوہے، تقاریر، نعرے (سلوگن) اور کہانیاں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ ذہین طالبات زینب کوٹی، ادیبہ پیارے، منتشا سید، آمنہ پیارے اور نورین انڈیوالے نے شاعرہ لتا حیا کی مشہور نظم:
*"میں ہندی کی وہ بیٹی ہوں جسے اردو نے پالا ہے"*
انتہائی خوبصورتی کے ساتھ پیش کی، جسے سامعین نے بھرپور داد دی۔

اس باوقار پروگرام میں نائب ہیڈ ماسٹر امتیاز شابدی اور سپروائزر الطاف کمٹھے نے طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کی بہترین نظامت ہندی شعبہ کے فعال اور ماہر استاد عبدالرزاق پٹیل نے کی۔

پروگرام کو کامیاب بنانے میں کنوینر اور ہندی شعبہ کے سربراہ عبدالرزاق پٹیل، اردو دوست شخصیت سردار مصطفیٰ، محمد حسین تانبولی، وسیم ساگر، سلطان اختر، مظہر پٹھان، آفرین مجاور، اسما جمدار، سیف شیخ، خلیل شیخ اور امان شیخ نے اہم کردار ادا کیا۔ اس پروگرام میں اساتذہ کے ساتھ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات شریک رہے۔ معزز مہمانوں نے طلبہ کے جوش و خروش اور شاندار کارکردگی کو خوب سراہا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔