اقراء تھیم کالج جلگاوں میں یومِ اساتذہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کامیابی سے ہمکنار۔
جلگاوں (سعید پٹیل)اقراءایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام قائم کردہ ایچ۔ جے۔ تھیم کالج آف آرٹس اینڈ سائنس، مہرون، جلگاؤں میں یومِ اساتذہ (ٹیچرس ڈے) نہایت جوش و خروش اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔
دن کے آغاز میں صبح 8:30 بجے سے طلبہ و طالبات نے کالج کے نظام کی باگ ڈور سنبھالی اور خود استاد بن کر مختلف موضوعات پر تدریسی فرائض انجام دیے۔ تمام اساتذہ کرام نے طلبا کی تدریس کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کی۔
تدریسی عمل کے بعد ایک شان دار ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وقار شیخ نے کی۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر تنویر خان، وائس پرنسپل ڈاکٹر انجلی کلکرنی، پروفیسر ڈاکٹر چاند خان، ڈاکٹر عرفان شیخ، پروفیسر ڈاکٹر ساجد ملک، پروفیسر ڈاکٹر یوسف پٹیل، ڈاکٹر حافظ شیخ، پروفیسر ڈاکٹر فردوس اور پروفیسر ڈاکٹر عائشہ باسط سمیت دیگر اساتذہ کرام موجود تھے۔
اس موقع پر استاد کا کردار ادا کرنے والے طلبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کتنی سخت محنت اور مشقت کے بعد اپنے طلبہ کو تعلیم دیتا ہے۔ بعد ازاں 'بزمِ اردو ادب' کے تمام طلبہ نے اساتذہ کرام کو پھول پیش کر کے ان کا پرخلوص استقبال کیا۔
پروگرام کے دوران پروفیسر ڈاکٹر یوسف پٹیل، پروفیسر ڈاکٹر فردوس شیخ اور مولانا مزمل قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پوری تقریب کی نظامت طلبہ نے احسن طریقے سے انجام دی۔
اپنے صدارتی خطبے میں پرنسپل ڈاکٹر وقار شیخ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو معلّم (استاد) بنا کر مبعوث فرمایا۔ استاد کا کام علم کا عطیہ دینا اور معاشرے کی رہنمائی کرنا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر حاضرین کا شکریہ ادا کیا گیا اور صدرِ مجلس کی اجازت سے تقریب اپنے اختتام کو پہنچی.
Comments
Post a Comment