سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے امن و بھائی چارے کا پیغام۔ - "جلگاؤں میں ہندو مسلم یکجہتی و قومی ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد."


جلگاؤں،(عقیل خان بیاولی) : انسانیت، باہمی اخوت، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے مقصد سے "نور جن سیوا فاؤنڈیشن، جلگاؤں" اور "جامع مسجد مرکز پنچ کمیٹی" کے مشترکہ زیرِ اہتمام جامع مسجد، رتھ چوک، میں’’قومی یکجہتی و تعارفِ پیغمبر محمد ﷺ، قومی یکجہتی و خیرسگالی کانفرنس‘‘ کا انعقاد عمل میں آیا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں برادرانِ وطن کی شرکت نے پروگرام کو خصوصی معنویت عطا کی۔
کانفرنس کی صدارت مولانا اسماعیل قاسمی (لاتور) نے کی۔ انہوں نے تقریباً 45 منٹ تک نہایت سادہ، عام فہم اور مؤثر مراٹھی زبان میں پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور آپ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں سے شرکائے اجلاس کو روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ انسانیت سے محبت، غریبوں اور کمزوروں پر رحم، پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک، عدل و انصاف، صداقت، امانت داری اور تمام انسانوں کے ساتھ بھلائی کا درس دیتی ہے۔ انسان کی حقیقی پہچان اس کے اچھے اخلاق اور کردار سے ہوتی ہے۔
اس موقع پر کارپوریٹر کیلاش سونونے، پیوش کولہے، کلپیش سونونے، نتیش تائیڈے، راجندر بھاؤسار، پریم راج چودھری، دلیپ سپکے، ستیش سپکالے، میور باری، نندلال پانڈے، گنیش شاستری جی، سدھاکر وانی، نتین کولی، چوڈامَن بھوئی، راجندر باری، رام چندر جگتاپ، کرن سونونے، یوراج کولہے اور ویبھو بھنگالے سمیت متعدد معزز شہری موجود تھے۔ پروگرام کے بعد برادرانِ وطن نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور دوریوں کو ختم کرنے کے لیے اس نوعیت کے مکالماتی اور خیرسگالی پروگرام مستقل طور پر منعقد کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے مذاہب اور تعلیمات کو قریب سے سمجھنا ہی باہمی اعتماد اور سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس موقع پر برادرانِ وطن کو اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی حیات و تعلیمات سے واقف کرانے کے مقصد سے مراٹھی زبان میں اسلامی کتب کے مجموعے بھی بطورِ تحفہ پیش کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد کسی پر کوئی نظریہ مسلط کرنا نہیں بلکہ ’’جانیے، سمجھیے اور پھر اپنی رائے قائم کیجیے‘‘ کے اصول کے تحت باہمی تعارف، مکالمے اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام کا افتتاحی کلام اور اظہارِ تشکر فاروق شیخ نے کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مصطفیٰ شیخ نے انجام دی۔ کانفرنس کی کامیابی کے لیے مفتی خالد، مصطفیٰ خان، یونس شیخ، محبوب شیخ، عامر دیشمکھ، وسیم خان، سلام رنگریز، نبیل شیخ اور خالد شیخ سمیت دیگر کارکنان نے خصوصی تعاون کیا۔
جامع مسجد کے احاطے میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک ساتھ بیٹھنا، سیرتِ مصطفیٰ ﷺ، انسانیت اور قومی یکجہتی کے موضوع پر تبادلۂ خیال کرنا جلگاؤں کی گنگا جمنی تہذیب، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بن کر سامنے آیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔