اردو زبان کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہل اردو کی ذمہ داری - بزم گل افشاں کے زیر اہتمام پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی تہنیتی تقریب سے شرکا کا خطاب


اردو زبان کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہل اردو کی ذمہ داری - 
بزم گل افشاں کے زیر اہتمام پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی تہنیتی تقریب سے شرکا کا خطاب

ظہیر آباد(7 ستمبرنامہ نگار) اردو زبان کا ماضی شاندار تھا اور اہل اردو کو اردو زبان کے حال سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اسے شاندار مستقبل سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اردو زبان کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اردو کے ادیبوں دانشوروں اور زبان کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے والوں کی ذمہ داری ہے۔ آج اردو زبان شعر و شاعری ،ادب اور صحافت سے بڑھ کر ٹیکنالوجی سے جڑ رہی ہے حیدرآباد میں بین الاقوامی اداروں کا مرکز ہے جہاں ترجمہ اور زبان کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر سے جوڑنے کے لیے ماہرین کے لیے ملازمتوں کے شاندار مواقع ہیں جن سے اہل حیدرآباد کو استفادے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار جناب ایم اے ماجد سینیر صحافی فورٹی وی حیدرآباد نے بزم گل افشاں کے زیر اہتمام میکش ہال عیدی بازار میں اردو کے نامور ادیب،صحافی،مترجم ،ماہر تعلیم پروفیسر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کی تہنیتی تقریب سے بہ طور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت نامور شاعر صلاح الدین نیر نے کی اور مہمان خصوصی جناب صاحبزادہ فہیم تھے۔ تقریب کے آغاز میں صدر بزم گل افشاں تشکیل انور رزاقی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بزم گل افشاں کے ذریعے ہر ماہ ادبی اجلاس و مشاعرہ منعقد ہوتا ہے اور اردو کی خدمت سے وابستہ کسی اہم شخصیت کو تہنیت پیش کی جاتی ہے اس بار تہنیتی تقریب پروفیسر محمد اسلم فاروقی کے اعزاز میں منعقد ہورہی جو نامور محقق،ادیب صحافی ہیں اور جن کی تعلیمی و ادبی خدمات سے اردو کی نئی نسل مستفید ہورہی ہے۔ ڈاکٹر سید آصف علی نے بہ حیثیت محقق پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی خدمات کا احاطہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹر صاحب کے زیر نگرانی نو اسکالرس نے پی ایچ ڈی کی تکمیل کی اور سینکڑوں اسکالرز آپ کی رہبری سے مستفید ہوئے۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑ تاڑ نے پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی خدمات کا احاطہ کیا اور کہا کہ محمد ایوب فاروقی صابر کے فرزند محمد اسلم فاروقی کا تعلق نظام آباد سے ہے جہاں انہوں نے تین قومی سمینار منعقد کیے بارہ سے زائد کتابوں کے مصنف اور نصابی کتابوں کے رکن ہیں ان کی کتاب سائنس نامہ دھارواڑ یونیورسٹی کے نصاب میں شامل ہے۔ وہ اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں ان کہ ہمہ جہت خدمات سے اہل اردو استفادہ کر رہے ہیں۔ صحافی نصر اللہ نے پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی صحافتی خدمات اجاگر کی اور کہا کہ روزنامہ سیاست سے وابستگی کے بعد انہوں نے اردو صحافت کو اپنے مضامین اور انشائیوں سے مستفید کیا اور اب بھی صحافتی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر جہانگیر احساس لیکچرر اردو فلک نما ڈگری کالج نے پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی تدریسی خدمات کا احاطہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹر صاحب کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر اردو نصاب کے ماہر ہیں اور طلبا اور اساتذہ کو بروقت تدریسی مواد فراہم کرتے ہیں۔ جنا ب ماجد صاحب نے کہا کہ اردو زبان کا کردار بدل رہا ہے حیدرآباد میں نوجوانون کو اردو اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے روزگار کے مواقع دستیاب ہیں جن سے استفادے کی ضرورت ہے پروفیسر محمد اسلم فاروقی نے بزم گل افشاں کے ذمہ داروں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اردو کے ادارے اردو والوں کی تہنیت کے ساتھ حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اردو کے اجلاسوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا میں عام کیا جائے اردو پڑھانے کا ماحول بنایا جائے اور اردو پڑھنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کی جائے جناب صلاح الدین نیر نے مشورہ دیا کہ ظہیر آباد میں باگاریڈی کی خدمات اور سمینار کرایا جائے صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم نے کہا کہ میکش ہال اردو کی خدمت کے لیے مختص ہے آج پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی ہمہ جہت خدمات جان کر خوشی ہوئی۔ بزم گل افشاں کی جانب سے پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی پچیس سالہ تدریسی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں صدر بزم تشکیل انور رزاقی صلاح الدین نیر ایم اے ماجد صاحبزادہ فہیم و ناقد رزاقی کے ہاتھوں شال پوشی وہ گل پوشی کی گئی۔ تہنیتی تقریب کے بعد صاحبزادہ فہیم کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوا جس میں میر مقبول علی مقبول، ثنا اللہ انصاری وصفی،علی جواد شہپر،منظور احمد منظور،شرف الدین ارشد،روشن علی روشن، شکیل عباس،عمران حسین،جدت اسلوبی،جاوید نقشبندی، تشکیل انور رزاقی،ناقد رزاقی ،صلاح الدین نیر اور صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم نے کلام سنایا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔