الحمد عربی مدرسہ کے طلبہ کے لیے تربیتی و ثقافتی جلسے کا انعقاد۔
بھیونڈی: (راست) الحمد ایجوکیشن سوسائٹی، بھیونڈی کے زیرِ اہتمام جاری الحمد عربی مدرسہ کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک پُروقار تربیتی و ثقافتی جلسے کا انعقاد الحمد ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کے ہال میں کیا گیا۔ جلسے کا مقصد طلبہ کی دینی و تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور ان کی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں سے والدین و سرپرستوں کو واقف کرانا تھا۔
جلسے کی صدارت الحمد جونیئر کالج کے معلم محمد سر نے کی، جبکہ الحمد انگلش ہائی اسکول کے سینئر ٹیچر ابو الکلام سر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود رہے۔
پروگرام کا آغاز عربی مدرسہ کی طالبہ خان مدیحہ ندیم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد انصاری بشریٰ شمیم احمد، شیخ انم محمد ارشد، صدیقی علیزہ انیس احمد اور شیخ محمد اذہان محبوب احمد نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا۔
جلسے میں طلبہ و طالبات نے مختلف دینی، تعلیمی اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ خان محمد زعیم طارق، شاہ آیت محمد اعظم، انصاری ادیبہ محمد صابر، خان محمد زیان، خان زوحان عبداللہ، انصاری روحان، انصاری نائمہ نور عالم، شاہ عنایت اور انصاری ام ایمن سمیت دیگر طلبہ و طالبات نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔
طلبہ و طالبات کے پروگراموں کے بعد مولانا محمد اظہر صاحب نے سالانہ تعلیمی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے مدرسہ میں ہونے والی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے دینی تعلیم کی اہمیت و فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے خصوصاً قرآنِ کریم کی درست ادائیگی، مخارج اور تجوید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآنِ پاک پڑھنے میں صرف جلدی سے ختم کرنے کے بجائے اس بات کی زیادہ فکر ہونی چاہیے کہ اسے صحیح تلفظ، درست مخارج اور تجوید کے اصولوں کے مطابق پڑھا جائے۔ انہوں نے والدین و سرپرستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں پر قرآنِ کریم جلد ختم کرنے کا دباؤ نہ ڈالیں بلکہ انہیں صحیح اور عمدہ طریقے سے قرآن پڑھنے کی ترغیب دیں۔
صدرِ جلسہ محمد سر نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے تمام پروگراموں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی و ثقافتی پروگرام طلبہ کی شخصیت سازی، خود اعتمادی اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جلسے میں طلبہ و طالبات کے علاوہ والدین، سرپرستوں اور دیگر حاضرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محمد سلمان عارف نے نظامت کے فرائض نہایت عمدگی سے انجام دیے۔
آخر میں الحمد عربی مدرسہ کے ناظم اور الحمد جونیئر کالج کے سینئر استاذ انصاری شمیم احمد نے طلبہ و طالبات کے والدین، سرپرستوں اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے اظہارِ تشکر کے ساتھ پُروقار تربیتی و ثقافتی جلسے کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment