کراٹے چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے طالب علم نریندر راج کمار کی شاندار کامیابی
بیدر8/ستمبر(نامہ نگارمحمد عبدالصمد ) بیدر کے گرو نانک پبلک اسکول کے آٹھویں جماعت کے طالب علم نریندر راج کمار برادار نے حیدرآباد کے گچی باؤلی انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم میں 5/ستمبر کو منعقدہ ٹائیکا آل انڈیا اوپن کراٹے چمپئن شپ2026ء میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور سندِ اعزاز حاصل کرکے ضلع اور اپنے اسکول کا نام روشن کیا۔
طالب علم کی اس کامیابی پر گرو نانک شکشنی سنستھے کی نائب صدر ڈاکٹر ریشما کور نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نریندر راج کمار، ان کے والدین، پرنسپل اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اسکول کی پرنسپل نلنی ڈی جی نے کہا کہ ہر طالب علم میں اپنی صلاحیت ہوتی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے پہچان کر آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے، کیونکہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور بہترین اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔ اس موقع پر نریندر کے والد راج کمار برادار، والدہ للیتا برادار، نائب پرنسپل امجد علی، جسمانی تعلیم کے استاد ملیکارجن مٹھپتی اور کراٹے کوچ لوکیش موجود تھے۔
Comments
Post a Comment