عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شاندار اسلامی کوئز و جلسۂ عام کا انعقاد۔


سولاپور (راست) ہر سال کی طرح اس سال بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 26 اگست، 12 ربیع الاول کو محمدیہ عربی مدرسہ و مکتب، شاندار چوک، شاستری نگر، سولاپور کی جانب سے ایک شاندار اور پروقار جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں نعت، تقاریر اور اسلامی کوئز مقابلے سمیت مختلف علمی و دینی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔
جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد اسلامی کوئز مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں سات ٹیموں نے شرکت کی۔ پہلے راؤنڈ میں سات ٹیموں میں سے پانچ ٹیموں کا انتخاب کیا گیا، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں پانچ میں سے تین ٹیموں نے اپنے حاصل کردہ پوائنٹس کی بنیاد پر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
اس کے بعد تین ٹیموں میں سے ٹیم حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور ٹیم حضرت علی رضی اللہ عنہ نے برجستہ، درست اور بہترین جوابات دیتے ہوئے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔
فائنل کے سنسنی خیز بزر راؤنڈ میں بھی ٹیم حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ٹیم نے پوچھے گئے تقریباً تمام سوالات کے برجستہ اور درست جوابات دے کر اپنی علمی قابلیت، بہترین تیاری اور حاضر جوابی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم حضرت علی رضی اللہ عنہ فاتح قرار پائی اور بجا طور پر اس اعزاز کی مستحق ٹھہری۔
اسلامی کوئز مقابلے میں سوالات پوچھنے کی ذمہ داری احتشام قاضی سر اور عباس کلی دار سر نے نہایت خوش اسلوبی اور عمدگی کے ساتھ انجام دی، جبکہ جج اور اسکورر کے فرائض ڈاکٹر احتشام نداف سر نے نہایت مستعدی اور غیر جانب داری کے ساتھ بخوبی انجام دیے۔ انہوں نے مقابلے کے تمام مراحل میں اسکور اور نتائج کی درست ترتیب کو یقینی بنایا۔
کوئز مقابلے کے بعد تقریری مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مہمانِ خصوصی محترم مفتی سائم صاحب برکاتہم کے دستِ مبارک سے انعامات سے نوازا گیا۔
اس شاندار جلسے کو کامیاب بنانے میں محترم مولالی کالے بھائی اور مدرسے کے اساتذۂ کرام حافظ اشفاق شیخ، حافظ فاروق کالے بھائی، حافظ عارف رچبھرے، مولانا فرقان پھلاری، حافظ اعظم صاحب، باجی ارم صبا اور دیگر احباب کے ساتھ ساتھ مزمل کوربو، ہدایت علی قاضی، داؤد شیخ، حافظ الیاس شیخ، محبوب پٹھان، انور کالے بھائی اور شاندار چوک کے نوجوانوں نے بھرپور محنت اور تعاون کیا۔
نظامت کے فرائض مولانا ادریس شیخ صاحب نے انجام دیے۔
نمازِ مغرب کے بعد شروع ہونے والا یہ بابرکت اور علمی جلسہ محترم قبلہ مفتی سائم صاحب کے مؤثر وعظ اور دعائیہ کلمات کے ساتھ رات 11 بجے اختتام پذیر ہوا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔