شیخ اکرم تیلی این سی پی اجیت پوار گٹ کے صوبائی پارٹی ترجمان مقرر - "ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں سونپی گئی اہم ذمہ داری"


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): ضلع جلگاؤں کے چوپڑا شہر کے مربی سیاست داں و سماجی کارکن شیخ اکرم شیخ اسماعیل تیلی کو راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گٹ) کے مہاراشٹر پردیش اقلیتی شعبہ کے کوآرڈینیشن اینڈ پبلسٹی، نثر و اشاعت (ترجمان) کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع خود شیخ اکرم تیلی نے نمائندے کو دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ذمہ داری پارٹی کے تنظیمی کام کو وسعت دینے، مختلف سرگرمیوں کی مؤثر تشہیر اور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے سونپی گئی ہے۔ اس ذمہ داری کے تحت انہیں ہفتے میں دو دن ممبئی کے راشٹروادی بھون میں واقع اقلیتی شعبہ کے خصوصی دفتر میں حاضر رہنا ہوگا، جہاں ریاست بھر سے آنے والے عہدیداروں اور کارکنوں کے مسائل کو سمجھنے، ان کی رہنمائی اور متعلقہ معاملات میں ضروری تال میل کا فریضہ انجام دیں گے۔
تقرری نامہ پارٹی کی جانب سے ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاستی صدر و مہاراشٹر ریاستی اقلیتی شعبہ کے ایڈووکیٹ نذیر قاضی نے قومی صدر سنیترا تائی پوار کی موجودگی میں پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت حسن مشرف، مکرند جادھو پاٹل، ایم ایل اے انیل دادا پاٹل، سابق وزیر نواب ملک اور ایم ایل اے ثناء ملک سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔ شیخ اکرم تیلی نے نئی ذمہ داری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی صدر سنیترا تائی پوار، قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل، ریاستی صدر ایم پی سنیل جی تٹکرے، شری پارتھ دادا پوار، شری جے دادا پوار، ریاستی اقلیتی شعبہ کے نذیر قاضی اور ریاستی انچارج نجیب ملا سمیت پارٹی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر پارٹی کے مقاصد و پالیسیوں کو نچلی سطح تک پہنچانا، سنیترا تائی پوار کے خیالات اور پارٹی کے کام کو عوام تک پہنچانا اور ریاست بھر کے عہدیداروں و کارکنوں کے درمیان مؤثر رابطہ و تال میل قائم رکھنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پارٹی کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داری کو ایمانداری، وفاداری اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ انجام دینا ان کا عزم ہے۔
آخر میں انہوں نے تمام خیرخواہوں، ساتھیوں، عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوام کی محبت، تعاون اور رہنمائی آئندہ بھی حاصل ہوتی رہے گی اور وہ تنظیمی ہم آہنگی کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔