عالمی یومِ اوزون پر تھیم کالج میں پوسٹر نمائش و مقابلہ۔
جلگاؤں: (عقیل خان بیاولی) عالمی یومِ اوزون کے موقع پر اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ایچ. جے. تھیم کالج آف آرٹس اینڈ سائنس کے شعبۂ جغرافیہ کے زیر اہتمام
’’ماحولیاتی پرتوں کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری‘‘ کے موضوع پر پُرکشش پوسٹر نمائش و مسابقے کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے حصہ لیتے ہوئے ماحولیات، اوزون کی تہہ کے تحفظ اور پائیدار ترقی سے متعلق 24 معلوماتی و تخلیقی پوسٹرز پیش کیے۔ افتتاح کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وقار شیخ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم موضوع پر طلبہ کے ذریعے بیداری پیدا کرنا قابلِ ستائش اقدام ہے۔ مسابقے میں پوسٹرز کی جانچ ڈاکٹر یوسف پٹیل اور ڈاکٹر تنویر خان نے کی۔ اس کے لیے موضوع کی مؤثر پیشکش، سائنسی معلومات، تخلیقی صلاحیت، فکری بصیرت، پیغام کی تاثیر اور ڈیزائن کو بنیادی معیار بنایا گیا۔ مسابقے میں اول انعام شیخ زویہ فلک شہاب (ایف. وائی. بی. ایس سی.)، دوم انعام تحریم سید (ایف. وائی. بی. ایس سی.) اور سوم انعام شبنم سید اقبال (ایف. وائی. بی. اے.) نے حاصل کیا، جبکہ حوصلہ افزائی انعام پیرزادے صائمہ (ایس. وائی. بی. ایس سی.) کو دیا گیا۔ تمام انعام یافتہ طلبہ کو اسناد اور مومینٹو سے نوازا گیا، ساتھ ہی مسابقے میں شریک تمام 24 طلبہ کو بھی شرکت کے اسناد دیے گئے۔ پروگرام شعبۂ جغرافیہ کے صدر ڈاکٹر شیخ عرفان بشیر کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر امین قاضی (کوآرڈینیٹر) نے انتظامی امور میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈاکٹر راجو گوارے نے کامیابی کے لیے خصوصی کاوشیں کیں۔ سرگرمی کا مقصد طلبہ میں اوزون کی تہہ کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے باہمی تعلق کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔ طلبہ نے اپنے تخلیقی پوسٹرز کے ذریعے ماحول کے تحفظ کا مؤثر اور جاندار پیغام پیش کیا، جس کی شرکاء اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھرپور ستائش کی جا رہی ہے۔
Comments
Post a Comment