عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے اعلیٰ عہدیداران کا طیبہ ٹرسٹ مدرسہ احیاء العلوم کا دورہ - تعلیمی سرگرمیوں، ایف۔ ایل۔ این۔ اور طلبہ کے آموزشی محاصل کا جائزہ۔


شوراپور، 24 ستمبر 2026ء :  (اَطہر مبین ملا)  عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) جناب انوراگ بہار اور کرناٹک ریاستی سربراہ جناب رودریش ایس نے دیوکیرہ روڈ، رنگم پیٹ، شوراپور میں واقع طیبہ ٹرسٹ کے زیرِ انتظام مدرسہ احیاء العلوم و مریم للبنات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔

دورے کے دوران جناب انوراگ بہار نے طلبہ کے Learning Outcomes (آموزشی محاصل) کا جائزہ لیا اور بچوں کی مختلف تعلیمی سرگرمیوں اور عملی مظاہروں کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ FLN (بنیادی خواندگی و عددشناسی) میں طلبہ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جناب انوراگ بہار نے تقریباً 60 منٹ تک طلبہ کے ساتھ براہِ راست گفتگو اور تعلیمی تعامل کیا۔ انہوں نے بچوں کی خوداعتمادی، سرگرمیوں میں شرکت، سوالات کے جوابات اور سیکھنے کے مجموعی ماحول کا مشاہدہ کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

بعد ازاں انہوں نے ادارے کے سربراہ حافظ اصغر حسین، معلمین و معلمات اور عملے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مدرسے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کی تعلیمی پیش رفت اور انہیں فراہم کی جانے والی تعلیمی معاونت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر مدرسہ ہذا کے مفتی محمد توفیق صاحب اشاعتی، حافظ ناصر صاحب، الیاس پرویز صاحب، محترمہ روبینہ انجم، اطہر مبین ملا (رہبر تماپوری)، محترمہ ندا اور محترمہ زوبیدہ سمیت معلمین و معلمات موجود رہے۔

دورے کے اختتام پر جناب انوراگ بہار نے مدرسے کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا:

’’آپ سب بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ بچے بہت خوش ہیں اور بغیر کسی خوف کے سیکھ رہے ہیں۔‘‘

آخر میں طلبہ، معلمین و معلمات، مدرسہ انتظامیہ اور عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے اراکین کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔

نامہ نگار: اَطہر مبین ملا
(رہبر تماپوری)
مہمان معلم، جامعہ اسلامیہ احیاء العلوم
جامعہ نگر، تماپور، تعلقہ شوراپور، ضلع یادگیر، ریاستِ کرناٹک
رابطہ: 8431012141

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔