اُسوۂ رسول ﷺ کے علمبردار آپ ہی ہوں گے، سیرت کو کردار میں ڈھالیں - "مولانا الیاس خان فلاحی کا سیرت النبی ﷺ کوئز کی تقسیمِ انعامات تقریب سے خطاب".


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) سیرتِ طیبہ ﷺ زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ نئی نسل کو حیاتِ رسولِ اکرم ﷺ سے روشناس کرانے، محبتِ رسول ﷺ کو فروغ دینے اور اُسوۂ حسنہ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند، جلگاؤں کی جانب سے سیرت النبی ﷺ تحریری کوئز 2026ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے تقریباً 20 اسکولوں کے 200 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ کوئز کے نتائج اور تقسیمِ انعامات کے لیے اقراء ایچ۔ جے۔ تھِم کالج کے ہال میں تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر کے امیرِ حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی نے کی۔ آغاز میں امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند، جلگاؤں ڈاکٹر عبداللہ شیخ نے خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے، جبکہ ناظمِ ضلع سہیل امیر نے سیرتِ رسول ﷺ کے مختلف عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو اسوۂ حسنہ کی پیروی کی تلقین کی۔ بطور مہمانِ خصوصی اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار اور انجمن تعلیم المسلمین کے صدر اعجاز ملک نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور سیرت کے مطالعے کو نسلِ نو کی اخلاقی تربیت کے لیے اہم قرار دیا۔ صدارتی خطاب میں مولانا الیاس خان فلاحی نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا مطالعہ محض معلومات حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ زندگی سنوارنے کے لیے ہونا چاہیے۔ طلبہ سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا:
’’پیارے بچو! 21ویں صدی کے اختتام پر اُسوۂ رسول ﷺ کے علمبردار آپ ہی ہوں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ سیرت النبی ﷺ کو صرف پڑھیں نہیں، بلکہ اپنی زندگی کو سیرت کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ اپنے کردار سے دی جانے والی دعوت، زبان و قلم کی دعوت سے کہیں زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔‘‘
انہوں نے بالخصوص صداقت، امانت، حسنِ اخلاق، عدل، رحم و محبت اور خدمتِ خلق کو سیرتِ رسول ﷺ کے نمایاں عملی پہلو قرار دیتے ہوئے طلبہ کو ان اوصاف کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔
تقریب میں موجود سرپرستان، والدین، طلبہ و اساتذہ سے کھچا کھچ بھرے ہال میں کوئز کے تمام شرکاء کو شرکت کے سرٹیفکیٹ دیے گئے، جبکہ دونوں گروپس کے نمایاں طلبہ کو نقد انعام، سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
جونیئر گروپ (جماعت پنجم تا ہشتم) کے لیے ’’ہمارے حضور ﷺ‘‘ کتاب مقرر تھی۔ اس گروپ میں اَدیبہ شیخ شاکر، جماعت ششم، ملت ہائی اسکول مہرون نے 50/50 نمبر حاصل کرکے اول، ایمن زبیر شیخ، جماعت ہشتم، اقراء اردو ہائی اسکول سالار نگر نے 49/50 کے ساتھ دوم اور بشریٰ بی آصف خان، جماعت ہشتم، ناظم ملک پرائمری اسکول جلگاؤں نے 47/50 کے ساتھ سوم مقام حاصل کیا۔
سینئر گروپ (جماعت نہم تا دوازدہم) کے لیے ’’ہادیِ اعظم ﷺ‘‘ کتاب مقرر کی گئی تھی۔ اس میں تحسین بی بھِکن خان، جماعت دہم، اینگلو اردو ہائی اسکول جلگاؤں نے 47/50 نمبر کے ساتھ اول، الفیہ ناظم کھاٹک، جماعت دہم، اقراء شاہین اسکول مہرون نے 44/50 کے ساتھ دوم اور فاطمہ سرفراز پٹیل، جماعت دوازدہم، حاجی نور محمد چاچا جونیئر کالج جلگاؤں نے 44/50 کے ساتھ سوم مقام حاصل کیا۔
دونوں گروپس کے کامیاب طلبہ کو بالترتیب 3000، 1500 اور 1000 روپے نقد، سند اور ٹرافی دی گئی۔ یہ انعامات محمد زاہد دیشمکھ فاؤنڈیشن، جلگاؤں کی جانب سے فراہم کیے گئے۔ کامیاب طلبہ نے اپنے والدین اور اساتذہ کے ہمراہ مہمانانِ گرامی کے ہاتھوں انعامات حاصل کیے۔
تقریب کے اختتام پر ساجد دیشمکھ نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ سیرت النبی ﷺ سے معمور اس بامقصد پروگرام نے یہ پیغام دیا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی سیرت کا حقیقی حق یہی ہے کہ اسے کتابوں اور تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے کردار، اخلاق اور عملی زندگی میں زندہ کیا جائے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔