ترقیِ ملک میں کردار ادا کرنے والوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرتی: جسٹس راگھویندر
بیدر، 30/ اگست (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) گرو نانک دیو انجینئرنگ کالج بیدر میں انجینئرنگ سالِ اول کے طلبہ کے لیے ’’نشہ سے پاک بھارت، ٹیکنالوجی سے ہونے والے جرائم، سائبر کرائم اور ریگنگ و ہراسانی کے خلاف بیداری‘‘ کے عنوان سے پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ضلع قانونی خدمات اتھارٹی بیدر کے سینئر سول جج و رکن سکریٹری جسٹس راگھویندر اپادھیائے نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو ملک کے دستور کے معماروں کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ طلبہ کو آئین کی اہمیت، بنیادی حقوق اور بنیادی فرائض سے واقف ہونا چاہیے۔ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھ کر دیانت داری اور بہترین انداز میں انجام دینا ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ملک کی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرتی۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی نشہ آور اشیاء، ریگنگ، ہراسانی اور سائبر جرائم سے دور رہتے ہوئے اپنی قیمتی زندگی کو بہتر مقاصد کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے طلبہ سے عہد لیا کہ وہ سب مل کر نشہ سے پاک اور جرائم سے پاک بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
پروگرام میں پولیس محکمہ کے شیوکمار اور ان کے ساتھیوں، جبکہ وکیل سنجوکمار بی نے سائبر کرائم، ٹیکنالوجی کے غلط استعمال، نشہ، ریگنگ اور ہراسانی سمیت مختلف موضوعات پر طلبہ کو مفید معلومات فراہم کیں۔ ادارے کے صدر ڈاکٹر ایس. بلبیر سنگھ اور نائب صدر ڈاکٹر ریشما کور کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
کالج کی پرنسپل ڈاکٹر وینا ایس. سولگاؤں، نائب پرنسپل دھننجے ایم.، انتظامی ڈائریکٹر آر. ڈی. سنگھ، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور طلبہ موجود تھے۔
Comments
Post a Comment