سیرتِ رسول ﷺ سے نئی نسل کو جوڑنے کی خوب صورت کاوش - ملّت پرائمری اسکول مہرون میں سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ جلسہ - "معصوم طلبہ و طالبات کے لبوں پر ذکرِ رسول ﷺ، دلوں میں محبتِ مصطفیٰ ﷺ کے جذبات"


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : نئی نسل کو سیرتِ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے روشناس کرانے، ان کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ اور دینی و اخلاقی شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ملّت پرائمری اسکول، مہرون، جلگاؤں کے زیرِ اہتمام سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ جلسہ منعقد کیا گیا۔ معصوم طلبہ و طالبات کی والہانہ شرکت، عقیدت و محبت سے لبریز اظہار اور سیرتِ طیبہ سے وابستگی کے جذبات نے پروگرام کو روح پرور بنا دیا۔ جلسے میں طلبہ و طالبات نے سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے واقفیت حاصل کی اور اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اساتذہ والدین اور سرپرستان نے اس دینی و تربیتی کاوش کو سراہتے ہوئے نئی نسل کی کردار سازی کے لیے ایسے پروگراموں کے تسلسل کو ضروری قرار دیا۔
پروگرام کی کامیابی میں ادارے کے چیئرمین سیّد عابد علی، اور ملّت ہائی اسکول کی موظف ہیڈ مسٹریس عفیفہ شاہین کا خصوصی تعاون رہا۔ بسم اللہ خان، سمینہ میڈم، شکیل خان، شعیب باغبان، رفیق خان ، ساجد اختر ، شاہ فیض احمد ، شیرین میڈم، عارف خان ، نوید انجم اور دانش سر سمیت دیگر اساتذہ نے بھی خدمات انجام دیں۔ انتظامی امور میں کے جی اسٹاف، ثقافتی انچارج شعیب باغبان اور معاون انچارج ساجد اختر کا تعاون قابلِ ذکر رہا۔صدر معلم شاہ فرید نے تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ صرف مطالعے کا موضوع نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا بہترین عملی نمونہ ہے۔ صدارتی خطاب میں سیّد عابد علی نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ علم کے ساتھ حسنِ اخلاق، محبت، رواداری اور خدمتِ خلق کو بھی اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ یہی سیرتِ طیبہ کا حقیقی پیغام اور کامیاب زندگی کی روشن راہ ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔