اقرا اردو ہائی اسکول میں طالبات کے لیے جلسۂ سیرت النبی ﷺ اور نعت خوانی مقابلہ منعقد
جَلگاؤں، یکم ستمبر: (راست) ملک گیر مہم ’’محمد ﷺ سب کے لیے‘‘ کے تحت اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اقرا اردو ہائی اسکول، سالار نگر، جلگاؤں میں طالبات کے لیے بین الجماعتی جلسۂ سیرت النبی ﷺ اور نعت خوانی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے افتتاحی کلمات اور انعقاد کے مقاصد معلمہ نفیس بانو مس نے پیش کیے، جبکہ نظامت کے فرائض لبینہ شیخ صابر مس نے بحسنِ خوبی انجام دیے۔
جلسے کی صدارت محترمہ نسرین خان محمود خان، ضلعی صدر جماعتِ اسلامی ہند گرلز ونگ نے کی۔ پروگرام میں خصوصی مہمانان کے طور پر عالمہ شبانہ باجی، تبسم باجی، گلرینہ عرفان سالار، اہلیہ ریحان سالار اور محترمہ شبانہ نور محمد نے شرکت کی۔
تقریری مقابلے میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والی طالبات کو ٹرافی اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا، جبکہ نعت خوانی مقابلے میں اول اور دوم مقام و سوم حاصل کرنے والی طالبات کو بھی ٹرافی اور سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔
اس موقع پر محترمہ فرحت تبسم مس نے طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں دینِ اسلام کے احکامات کی پابندی کرنے، اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے اور موبائل فون و سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے دور رہنے کی تلقین کی۔
صدارتی خطاب میں محترمہ نسرین خان نے سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے سب سے پہلے اس بامقصد پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور ’’محمد ﷺ سب کے لیے‘‘ کے عنوان کے تحت مقابلے کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے طالبات کو سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی کامیابی میں تہذیبی و ثقافتی کمیٹی کی ہیڈ ثنا مہرین مس، تبسم لطیف مس اور دینیات کمیٹی کی ہیڈ روزمین مس، گلنار مس، فرحت مس، تبسم سید مس، نیلوفر مس، نازیہ مس اور سمینہ مس کے علاوہ تمام جینٹس اسٹاف کا بھرپور تعاون رہا۔ مارننگ شفٹ کے انچارج جاوید باغبان سر کی رہنمائی بھی حاصل رہی۔
آخر میں پرنسپل شیخ نور محمد نے کامیاب اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر تمام اسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔ نفیس بانو مس کے رسمِ تشکر کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment