قوموں کی ترقی کا راز باکردار اساتذہ کی محنت میں پوشیدہ ہے: "اقراء کالج آف ایجوکیشن کی تقریب میں ماہرین کے تاثرات".
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اقراء اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن (ڈی۔ایل۔ایڈ) اور اقراء بی۔ایڈ کالج کے اشتراک سے یومِ اساتذہ کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز الحاج عبدالکریم سالار کی صدارت میں شاہ حذیفہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، شیخ صائم رضا نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی اور تحریم فاطمہ نے ترانۂ اقراء پیش کیا۔ اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈی۔ایل۔ایڈ کالج کی پرنسپل سعیدہ وکیل نے کہا کہ باکردار اور مخلص استاد اپنی محنت سے نہ صرف ایک طالب علم بلکہ پوری نسل کی فکری و اخلاقی سمت متعین کرتا ہے۔ زیرِ تربیت معلمین نے تقاریر اور نظم کے ذریعے اپنے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مسیرا ناز، شیخ مبشرہ سالار، زینب شیخ، شفا خانم، توفیق علی اور رابعہ پٹیل نے استاد کے مقام، قربانیوں اور معاشرے کی تعمیر میں ان کے کردار پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ آشنا اور شمائلہ نے نظم پیش کی۔ ڈی۔ایل۔ایڈ کے چیئرمین عبدالرشید شیخ نے کہا کہ بہترین استاد طلبہ کو صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ انہیں زندگی کا سلیقہ، مشکلات کا سامنا کرنے کا حوصلہ اور کامیابی کی سمت آگے بڑھنے کا شعور بھی عطا کرتا ہے۔ بی۔ایڈ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عرفان شیخ اور ڈاکٹر ہارون بشیر شیخ نے بھی اساتذہ کی ذمہ داریوں، رہنمائی اور شخصیت سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔صدرِ مجلس الحاج عبدالکریم سالار نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز بلند عمارتوں میں نہیں بلکہ باکردار اور باصلاحیت اساتذہ کی محنت میں پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر سوسائٹی کے سیکریٹری اعجاز ملک، آئی ٹی آئی کے چیئرمین الحاج عبدالمجید زکریا سیٹھ، ہائی اسکول کے چیئرمین ظفر شیخ، طارق انور، یونانی میڈیکل کالج کے پرنسپل قاری عبدالقدوس اور پبلک اسکول کے صدرِ مدرس شکیل شیخ بطور مہمان موجود تھے۔ ڈی۔ایل۔ایڈ میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والی طالبات معراج شیخ، سعدیہ شیخ اور خنساء ارحم کو اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ بی۔ایڈ کے زیرِ تربیت معلمین نے اپنے اساتذہ کو مومینٹو اور گلدستے پیش کرکے تشکر کا اظہار کیا۔ نظامت عدنان شیخ نے انجام دی، جبکہ بی۔ایڈ شعبہ کی پروفیسر کویتا بھاسکر نے رسمِ شکریہ ادا کی۔ پروگرام کی کامیابی میں دونوں کالجوں کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے تعاون کیا۔
Comments
Post a Comment