بی۔ایم۔ جین اردو پرائمری اسکول میں وسائلِ تعلیم کی ورکشاپ و نمائش - "اساتذہ نے تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تدریسی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے متنوع تعلیمی وسائل تیار کیے"
جلگاؤں،(عقیل خان بیاولی) : اقراء ایجوکیشن سوسائٹی، کے زیرِ اہتمام بی۔ایم۔ جین اردو پرائمری اسکول میں وسائلِ تعلیم کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ اور نمائش کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں اسکول کے اساتذہ کرام نے شرکت کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تدریسی عمل کو مزید مؤثر، دلچسپ اور طلبہ مرکز بنانے کے لیے مختلف نوعیت کے تعلیمی وسائل تیار کیے۔ ورکشاپ کا مقصد اساتذہ میں تدریسی معاون وسائل کے استعمال کو فروغ دینا اور طلبہ کی ذہنی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے جدید اور مؤثر طریقۂ تدریس کی جانب توجہ مبذول کرانا تھا۔ تیار کیے گئے مختلف تعلیمی وسائل کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جہاں ان کی افادیت، جدت اور تدریسی اہمیت کا جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کا انعقاد صدرِ مدرس اسلم خان کی رہنمائی میں وسائلِ تعلیم کی انچارج ثمیرہ مس اور آصف خان نے کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی و جج پریما بائی جین اردو پرائمری اسکول کے صدرِ مدرس ذاکر شیخ، کے علاوہ سوسائٹی کے لائف ممبران عرفان عبدالکریم سالار اور جاوید الرحمان ظفر نے شرکت کی۔ معزز ججز نے اساتذہ کی جانب سے تیار کردہ تعلیمی وسائل کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کی افادیت اور تخلیقی پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ ورکشاپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں سے اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والوں کو جلد ہی انعامات سے نوازا جائے گا۔ پروگرام کی کامیابی میں حفیظ النساء مس، رفعت بانو مس، جمیلہ بی مس، صادق شیخ ، آصف خان اور سمیرہ مس سمیت تدریسی عملے نے نمایاں تعاون کیا، اس ورکشاپ کے ذریعے اساتذہ کے اندر موجود تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تدریس میں کم خرچ، مؤثر اور مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے تعلیمی وسائل کے استعمال کی اہمیت کا علم ہوا۔
Comments
Post a Comment