صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ مولانا شاہ سید احسان الدین رشادی قاسمی کا نمازِ استسقاء سے قبل خطاب۔
حیدرآباد 14/ ستمبر(نمائندہ) ریاستِ تلنگانہ میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کے پیشِ نظر نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ نماز سے قبل صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ حضرت مولانا شاہ سید احسان الدین رشادی قاسمی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی کمی ایک تشویش ناک صورتِ حال ہے۔ اگر بروقت مناسب بارش نہ ہوئی تو اس کے اثرات زراعت، آبی ذخائر، معیشت اور عام زندگی کے مختلف شعبوں پر مرتب ہوسکتے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ ایسے حالات میں ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتے ہوئے اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے، گناہوں سے سچی توبہ و استغفار کرکے اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگیں اور بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ توبہ و استغفار کے ساتھ صدقہ و خیرات، حقوق العباد کی ادائیگی اور نیک اعمال کا خصوصی اہتمام کریں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ اپنے فضل و کرم سے ریاستِ تلنگانہ اور پورے ملک کو نفع بخش اور رحمت والی بارش عطا فرمائے۔۔۔۔
Comments
Post a Comment