دہر میں اسمِ محمد ﷺ سے اجالا کر دے؛ راویر میں سیرت النبی ﷺ کے عنوان سے پُراثر خطابِ عام۔


جلگاوں (سعید پٹیل) راویر سے ہمارے عزیز دوست شیخ شریف کی تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی ہند ، راویر حلقۂ خواتین اور گرلز اسلامک آرگنائزیشن (GIO) راویر یونٹ کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کی مناسبت سے “دہر میں اسمِ محمد ﷺ سے اجالا کر دے” کے عنوان سے ایک بہترین اور پُراثر پروگرام اتوار، 13 ستمبر کو منعقد کیا گیا تھا ۔ پروگرام میں 237 خواتین و طالبات کے ساتھ بچوں نے بھی پُرجوش انداز میں شرکت کی ، جس سے پروگرام کی رونق اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔
پروگرام کا آغاز GIO کی رکن ضیاء بہن کی تلاوتِ قرآنِ پاک اور ترجمے سے ہوا۔ اس کے بعد مقامی ناظمہ نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر افتتاحی کلمات پیش کیے۔ کارکن واجدہ باجی نے نعتِ پاک پیش کرکے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کیا۔
پروگرام میں خصوصی خطاب محترمہ نسرین باجی ، ناظمۂ ضلع حلقۂ خواتین ، جلگاؤں نے “دہر میں اسمِ محمد ﷺ سے اجالا کر دے” کے عنوان سے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں رسولِ اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے روشن اور عملی پہلوؤں کو شرکاء کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے پُرفتن اور چیلنج بھرے دور میں ہمیں سیرتِ رسول ﷺ کو جاننے، سمجھنے، سننے، پہچاننے اور اپنی زندگی میں اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کو زندگی کے ہر شعبے کے لیے بہترین رہنمائی قرار دیتے ہوئے خواتین، طالبات اور بچوں کو رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیمات سے وابستہ ہونے اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر GIO راویر یونٹ کی جانب سے منعقدہ مختلف مقابلوں کے کامیاب شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض GIO رکن ماریہ کوثر نے بخوبی انجام دیے۔
پروگرام میں الحیرا شیخ وسیم ، مشراء فاطمہ ، ماریہ کوثر اور ذکر فاطمہ نے نعتِ پاک پیش کی۔ خواتین و طالبات کے ساتھ بچوں کی بھرپور شرکت خاص طور پر قابلِ ذکر رہی، جس سے یہ پیغام نمایاں ہوا کہ نئی نسل کی دینی، اخلاقی اور باکردار تربیت کے لیے ایسے بامقصد پروگرام نہایت اہم ہیں۔
آخر میں فردوس باجی کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ شرکاء نے پروگرام کو نہایت مفید ، معلوماتی اور ایمان افروز قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ منتظمین کی ان کوششوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور سیرتِ رسول ﷺ کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔