وحدتِ اسلامی اکولہ کے زیرِ اہتمام نشے سے پاک سماج اور پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ" کے عنوان پر پروقار اور تعمیری اجلاس - سیرتِ رحمتِ عالمﷺ ہی نجات کی ضامن: ڈاکٹر صادق قریشی۔
اکولہ (خاص نمائندہ) : وحدتِ اسلامی اکولہ کے زیرِ اہتمام 'سیرت النبی ﷺ لیکچر سیریز' کے تاریخی سلسلے اور ' کُل ہند مہم پیغام رحمتِ عالمﷺ' کے موقع پر 31 اگست 2026ء (بروز پیر، بعد نمازِ عشاء) مسجد مومن پورہ، اکولہ میں "نشے سے پاک سماج اور پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ" کے عنوان سے ایک باوقار اور تعمیری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد معاشرے میں بڑھتی ہوئی نشہ خوری کی لعنت کے خلاف بیداری پیدا کرنا اور پیغام رحمتِ عالمﷺ کی روشنی میں ایک پاکیزہ سماج کی تشکیل تھا۔
نظامت کے فرائض مدرس آصف احمد خان صاحب نے نہایت خوش اسلوبی اور باوقار انداز میں ادا کیے۔
نشست کا باقاعدہ آغاز حافظ و قاری حسان صاحب (معلم مکتب دارالفرقان) کی ایمان افروز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد عالمی شہرت یافتہ شاعر جناب نعیم فراز صاحب نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں روح پرور نعتِ شریف کا ہدیہ پیش کیا، جس سے پورا ماحول ایمانی جذبے سے معطر ہو گیا۔
پروگرام کے فاضل مقرر ڈاکٹر صادق قریشی صاحب (ایم ڈی نفسیات و پروفیسر میڈیکل کالج بدنا پور، جالنہ) نے موضوع پر نہایت جامع، دلنشین اور فکر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے طبی تجربات کی روشنی میں نشے کے جسمانی، نفسیاتی اور سماجی مضرات پر روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی، انہوں نے واضح کیا کہ سیرتِ طیبہ اور پیغامِ رحمتِ عالم ﷺ کی پیروی ہی انسانیت کو ان تمام اخلاقی اور طبی برائیوں سے نجات دلا سکتی ہے۔
اس باوقار تقریب میں ممتاز شخصیات نے بطورِ مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جن میں مولانا سفیان فلاحی صاحب (مکتب نگینہ مسجد)، ڈاکٹر عبدالقھار قریشی صاحب (ایم ڈی ایس ڈینٹل سرجن)، ڈاکٹر سید ساجد علی صاحب (پروفیسر، پنجاب راؤ کريشی ودیاپیٹھ)، ڈاکٹر سید عمران صاحب (ڈائریکٹر، ڈائنامک کوچنگ کلاسز) شریک جلسہ تھے۔
پروگرام میں خواتین کے لیے بھی بیٹھنے اور پردے کا خصوصاً معقول اہتمام کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی اور بیداری کے اس پیغام کو سراہا۔
پروگرام کی باحسنِ خوبی کامیابی اور شاندار نظم و ضبط میں وحدتِ اسلامی اکولہ کے تمام رفقاء اور ذمہ داران کی انتھک محنت، بہترین حکمتِ عملی اور خلوصِ نیت کا کلیدی کردار رہا۔ حاضرینِ مجلس نے اس با مقصد پیش رفت کی بے حد تعریف کی۔
Comments
Post a Comment