ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی پہلی الیکٹرک وہیکل “ایگزوبوٹ” متعارف کرائی۔
کے این واصف : وژن 2030 منصوبے کے تحت مملکت میں صنعتی ترقی عروج پر ہے۔ سعودی عرب اب مینوفکچرنگ شعبہ میں خود کفیل ہونے کی راہ پر گامزن ہے۔ اس کوشش کی ایک کڑی کے طور پر سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کی پہلی الیکٹرک وہیکل “ایگزوبوٹ” متعارف کرائی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی نیشنل آٹوموٹیو کمپنی “سیر” کی پہلی الیکٹرک وہیکل کی لانچنگ مملکت میں پائیدار اور ترقی یافتہ صنعتی نظام کی تشکیل اور استحکام کے سفر میں اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں سرمایہ کاری کے فروغ، قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بناتے ہوئے آٹوموبائل انڈسٹری کو اقتصادی ترقی کے ایک بنیادی ستون کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ سعودی عرب اس شعبے میں علاقائی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں مرکز بن سکے۔
خیال رہے سیر کمپنی کی تیار کردہ ایگزوبوٹ سیڈان اور ایس یو وی (فور وہیل) دونوں اقسام میں تیار کی گئی پہلی پروڈکشن ہے۔
کمپنی آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طورپر سات ماڈلز مرحلہ وار لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کنگ سلمان آٹوموٹیو انڈسٹری مشرق وسطیٰ کی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین آٹوموبائل مینوفیکچرنگ مراکز میں شمار ہوگا۔
Comments
Post a Comment