گروپ ایڈیٹر ایس ایچ شمس کو صدمۂ عظیم - والدِ ماجد حاجی نبی حسن خان کی رحلت۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) روزنامہ میزائل ایکسپریس، دہلی کے گروپ ایڈیٹر جناب ایس۔ ایچ۔ شمس کے والدِ ماجد، بزرگِ محترم حاجی نبی حسن خان کے انتقالِ پُرملال کی خبر سے دلی صدمہ ہوا۔
اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَیْهِ رَاجِعُونَ۔
مرحوم نے 92 برس کی عمر پائی اور اپنی زندگی کے تقریباً 65 برس جماعتِ اسلامی سے وابستگی میں دینی، ملی اور انسانی خدمت کے لیے وقف کیے۔ دہلی، بھاگلپور اور پٹنہ میں مختلف تنظیمی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے انہوں نے اخلاص و استقامت کے ساتھ نمایاں خدمات انجام دیں۔ خصوصاً 1989ء کے بھاگلپور فسادات کے متاثرین کی بازآبادکاری اور دادرسی کے لیے ان کی شبانہ روز جدوجہد ان کی انسان دوستی، دردِ دل اور خدمتِ خلق کی روشن مثال ہے۔ فسادات سے متاثرہ مساجد کی تعمیر و آبادکاری میں بھی انہوں نے حتی المقدور تعاون کیا۔ وہ دینی حمیت، تنظیمی بصیرت اور دوراندیشی کے باعث اپنے حلقے میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
ان کی رحلت یقیناً ایک عہد کے اختتام کا احساس دلاتی ہے، تاہم ان کے نیک اعمال اور خدمتِ خلق کے نقوش ان کے لیے صدقۂ جاریہ کا سرمایہ ہیں۔ ہم بارگاہِ الٰہی میں دست بہ دعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، سیئات کو حسنات سے بدل دے، لغزشوں سے درگزر فرمائے، قبر کو نور سے منور اور درجات کو بلند فرمائے، اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
اللہ تعالیٰ جناب ایس۔ ایچ۔ شمس اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل، حوصلۂ ایمانی اور سکونِ قلب عطا فرمائے اور مرحوم کے ادھورے دینی و فلاحی کاموں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق دے۔
اس غم کی گھڑی میں ہم خانوادۂ شمس کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
آمین یا رب العالمین۔
عقیل خان بیاولی
جلگاؤں، خاندیش، مہاراشٹر
مورخہ ١٩ ستمبر
Comments
Post a Comment