محبتِ رسول ﷺ ایمان کی روح، نماز کی پابندی کی تلقین.ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری بگدلی کا خطاب


بیدر، 11 ستمبر (نامہ نگارمحمد عبد الصمد) آستانۂ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ مرکزی جلسہ جشن عیدمیلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے پیرِ طریقت شاہ خلیفہ ڈاکٹرالحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی، سجادہ نشین درگاہ آستانۂ قادریہ بگدل شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب و مکرم حبیب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی امت میں پیدا فرمایا۔ امتِ محمدیہ میں شامل ہونا ہمارے لیے بہت بڑی سعادت اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انبیائے کرام علیہم السلام کو مختلف معجزات اور خصوصیات عطا فرمائیں، جبکہ حضور اکرم ﷺ کو رحمت، شفقت اور امت پر بے مثال کرم عطا فرمایا۔ حضرت نے اپنی نگرانی میں مریدین و حاضرین کو آثارِ موئے مبارک کی زیارت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ کروائی، جس سے حاضرین نے فیض و برکت حاصل کیا اور درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں پیرِ طریقت نے درسِ تصوف دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی معرفت، عبادت، اصلاحِ نفس اور نیکی کی زندگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت اور حضور اکرم ﷺ کی اتباع ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔ خصوصاً پانچوں وقت کی نماز مسلمان کی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ نماز انسان کے دل و دماغ کو سکون، اطمینان اور روحانی تازگی عطا کرتی ہے۔ پابندی سے نماز ادا کرنے والے کے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا ہوتی اور گناہوں سے بچنے کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ پانچوں وقت نماز پابندی سے ادا کریں، نماز باجماعت کا اہتمام کریں اور اپنے بچوں کو بھی نماز کا عادی بنائیں۔ مولانا محمد ندیم قادری، استاد دارالعلوم قادریہ بگدل، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے سچی محبت ہی اللہ تعالیٰ کی محبت کے حصول کا ذریعہ ہے، جبکہ آپ ﷺ سے منسوب ہر چیز ہمارے لیے باعثِ عقیدت و احترام ہے۔ تبرکاتِ نبوی ﷺ کی زیارت محض رسم نہیں بلکہ محبت و ایمان کا اظہار ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کے لیے رسول اللہ ﷺ کی اتباع ضروری ہے۔ انہوں نے حضرتہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے پاس موجود موئے مبارک اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحابۂ کرامؓ حضور اکرم ﷺ سے منسوب تبرکات کو کس قدر عقیدت و محبت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ جس چیز کو حضور اکرم ﷺ سے نسبت حاصل ہوجائے، اہلِ محبت کے نزدیک اس کی قدر و منزلت بڑھ جاتی ہے۔ موئے مبارک اور دیگر تبرکاتِ نبوی ﷺ کی زیارت محبتِ رسول ﷺ کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ مولانا محمد ندیم قادری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ یتیموں، کمزوروں اور مظلوموں کے سہارا اور پوری انسانیت کے لیے رحمت و رہنمائی کا سرچشمہ تھے۔ ہمیں اولیائے کرام کی تعلیمات سے وابستہ رہتے ہوئے زندگی دین کے مطابق گزارنی چاہیے۔ ربیع الآخر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی نسبت سے بھی عقیدت و محبت کا مہینہ ہے، اس لیے نئی نسل کو بزرگانِ دین کی تعلیمات، سیرت اور محبت سے جوڑنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ رخصت ہورہا ہے، لیکن محبتِ رسول ﷺ ہمارے دلوں سے کبھی رخصت نہیں ہونی چاہیے۔ پروفیسر مشائخ گلبرگہ نے کہا کہ انسان میں دیکھنے، سننے، سوچنے، ارادہ کرنے، محبت اور خیال رکھنے جیسی تمام خصوصیات اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ہیں۔ روح نکل جانے کے بعد یہ تمام صلاحیتیں ختم ہوجاتی ہیں، اس لیے کسی نعمت کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں بے جان اشیاء بھی تعظیم و محبت کا اظہار کرتی تھیں۔ درخت آپ ﷺ کے اشارے پر حاضر ہوئے اور پتھروں نے آپ ﷺ کو سلام کیا۔ حضور اکرم ﷺ سلام کرنے والوں کو پہچانتے ہیں، اس لیے آپ ﷺ پر کثرت سے درود و سلام بھیجنا محبتِ رسول ﷺ کا ذریعہ ہے۔ مولانا محمد شاہد رضا قادری،استاد دارلعلوم قادریہ، ڈاکٹر اسد ہلی کھیڑ نے خطاب اور کلام پیش کرتے ہوئے محبتِ رسول ﷺ کا اظہار کیا اور کہا: ’’یقین ہے آپ ہر عاشق کے گھر تشریف لاتے ہیں، ہمارے گھر میں بھی ہوجائے سلام، یا رسول اللہ ﷺ۔‘‘ انہوں نے ’’رونقِ زندگی آپ ہیں، آپ ہیں‘‘ کے اشعار بھی پیش کیے۔جناب محمد لئیق احمد قاری بگدلی اسٹیج پر موجود تھے.ڈاکٹر اسد ہلی کھیڑ، مولانا سید صادق علی اور دیگر نے حمد، نعت اور منقبت پیش کیں۔ حافظ محمد شہانوز نلدرگ کی تلاوتِ کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں درود و سلام، فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ آخر میں پیرِ طریقت ڈاکٹر شاہ خلیفہ الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے امتِ مسلمہ کی سلامتی، خیر و عافیت اور دین پر ثابت قدمی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ حضرت کی دعائے سلامتی، فاتحہ اور سلام کے بعد یہ روحانی اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔