قسط دوّم - حضرت مولانا مفتی روشن شاہ صاحب (صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر) کا اجمالی تعارفی خاکہاز قلم مفتی محمد اسلم جامعی۔ (جنرل سیکریٹری دینی تعلیمی بورڈ ضلع ناسک)


قسط دوّم - 
حضرت مولانا مفتی روشن شاہ صاحب (صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر) کا اجمالی تعارفی خاکہ
از قلم مفتی محمد اسلم جامعی۔ 
(جنرل سیکریٹری دینی تعلیمی بورڈ ضلع ناسک)
پیش کش قاری اخلاق احمد جمالی صاحب 
( صدر دینی تعلیمی بورڈ ضلع ناسک)

تدریسی خدمات : 
حضرت مفتی صاحب نے تحصیلِ فراغت کے معاً بعد ایک سال تبلیغی جماعت میں وقت لگایا اور لسان التبليغ حضرت مولانا عمر پالن پوری رح سے ذاتی اور طویل تعلق کی بنیاد پر ان سے خوب استفادہ کیا، تقریباً سات سال تک آپ نے ان کی خدمتِ بافیض سے فائدہ اُٹھایا اس طویل رفاقت و صحبت نے آپ کی زندگی پر دعوت و تبلیغ کے متعلق بہت گہرے نقوش مرتب کئے، جو آپ کی تصانیف سے ظاہر ہوتا ہے چوں کہ تعلیم و تدریس پیشۂ پیغمبری ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے سب سے پہلے اور سب سے بڑے معلم ہیں إِنَّمَا بُعِثْتُ مُعَلِّماً اس لیے دعوت و تبلیغ کے ساتھ تدریس سے بھی منسلک ہوئے، علاقۂ برار کی نامور علمی درس گاہ دارالعلوم حُسینیہ اکولہ میں دو سال تک نونہالانِ قوم کی تربیت کرتے رہے، پھر 18 اگست 1997 بروز اتوار صوبہ مہاراشٹر کے مشہور و معروف سابق امیرِ دعوت و تبلیغ حضرت یونس صاحب پونہ رح کے دست مبارک سے سونوری میں جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سونوری کی بنیاد رکھی،اُس وقت سے تادمِ تحریر اس گلشنِ علمی کی آبیاری، تعمیر و ترقی اور مضبوط نظامِ تعلیم و تربیت کے ساتھ پروان چڑھانے میں بحیثیتِ مہتمم ہمہ تن مشغول ہیں
اجازت و خلافت : 
حضرت مفتی صاحب نے صرف نقوش و حروف کے علم پر اکتفا نہیں کیا بل کہ علماء اہلِ دیوبند کی روش پر عامل بن کر کسی شیخ کامل سے اپنی وابستگی کو ضروری سمجھا اور بیعت کے ساتھ اوراد و وظائف کا بھی اہتمام ہے چناں ملک کے پانچ مشاہیر اہل علم و فضل سے آپ کو اجازتِ بیعت و خلافت حاصل ہے جس میں سرِ فہرست داعی اسلام حضرت مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب مدظلہ العالی ہیں حضرت مولانا کلیم صدیقی صاحب کی للہیت اور بلند منصبی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پڑوسی ملک کے نامور عالم دین استاذ المحدثین شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب رح نے اپنی زندگی کے اخر میں حضرت مولانا کلیم صدیقی صاحب سے اصلاحی تعلق قائم کیاتھا اور بیعت ہوئے تھے ان کے علاوہ حضرت مولانا مفتی اکرام الدین صاحب مدظلہ العالی (استاذِ حدیث دارالعلوم اشرفیہ راندیر گجرات) حضرت مولانا مفتی شبیر احمد صاحب قاسمی مدظلہ العالی( صدر مفتی مدرسہ شاہی مراد آباد) حضرت مولانا قاری محمد یامین صاحب مدظلہ العالی (بانی و مہتمم جامعہ طیبہ حیدرآباد) حضرت مولانا مفتی سید سلمان منصور پوری صاحب مدظلہ العالی ( استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند) ان مذکورہ بالا اہلِ علم کا مقام و مرتبہ اور فضل و کمال علماء و عوام کے درمیان مُسلَّم ہے انہوں نے حضرت مفتی صاحب کو خلافت سے نواز کر اجازتِ بیعت دی ہے
تصنيف و تالیف : 
حضرت مفتی صاحب میں تصنیف و تالیف ذوق فطری تھا دارالعلوم دیوبند کے علم پرور فضا اور اکابرین دعوت و تبلیع کی رفاقت میں یہ جوہر زیادہ کھلا چناں چہ دعوت و تبلیع کے اکابرین کے مواعظ، خطبات، تقاریر مکاتیب اقتباسات عبادات و معاملات پر چالیس کتابیں تالیف کیں طوالت کے باعث کتابوں کے اسماء کو ترک کرتا ہوں حالاں عمر کے اعتبار سے حضرت مفتی صاحب 59 کے سال میں ہیں مگر خداوند کریم تعلیمی تدریسی تصنیفی اور مکاتب کے اعتبار سے بہت کام لے رہا ہیں ،
موجودہ مصروفیات و ذمہ داریاں:
بانی، صدر اور مہتمم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سونوری اکولہ، جنرل سیکریٹری جمعیتہ علماء وردھ، صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر، نائب امیر شریعت مہاراشٹر، صدر امن کمیٹی سونوری ضلع اکولہ، رکن رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند مہاراشٹر، صدر امام ولی اللہ پبلک اسکول اینڈ جونیئر کالج آرٹس اینڈ سائنس، صدر الروشنی انگلش اسکول سونوری، صدر شیخ الہند مولانا محمود الحسن ہومیوپیتھی میڈیکل کالج سونوری، صدر خیر امت ہاسپٹل سونوری
مکاتب قرآنیہ :
حضرت مفتی صاحب نے پورے ضلع اکولہ میں مکاتب کا جال بچھا کر اس کو منظم و مرتب کیا چناں چہ سینکڑوں سے زائد مکاتب آپ کی زیرِ نگرانی منظم و مضبوط نظامِ تعلیم کے ساتھ نونہالانِ قوم کے دین و ایمان اور عقائد کی حفاظت کاوشات کررہے ہیں 
مالیگاؤں تشریف آوری :
 بتاریخ 13 ستمبر 2026 بروز اتوار حج کمیٹی اسکول نمبر 1 قدوائی روڈ مالیگاؤں میں صبح دس بجے جمعیتِ علماء سلیمانی چوک کے زیر اہتمام دینی تعلیمی بیداری اور تربیتی کانفرنس منعقد ہورہی ہے جس میں حضرت مفتی صاحب اپنے تجربات کی بنیاد پر معنی دار عنوان پر پُر مغز خطاب فرمائیں گے اس لیے شہرِ مالیگاؤں اور ضلع ناسک کے تمام علماء کرام، ائمہ عظام اور مکاتب معلمین سے مودبانہ گزارش ہے کہ اس بامقصد پروگرام میں ضرور شرکت کریں
گزارش :
 اتنی اہم اور علمی شخصیت شہر مالیگاؤں تشریف لا رہی ہیں اس لیے ان سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔