سراج شولاپوری نے طنز و مزاح اور سنجیدہ شعری ادب کا اہم نام ہے : بشیر پرواز - بزمِ غالب کے زیرِ اہتمام معروف شاعر سراج شولاپوری کے اعزاز میں شاندار مشاعرہ کا انعقاد


شولاپور (اِقبال باغبان) : بزمِ غالب شولاپور کے زیرِ اہتمام عالمی شہرت یافتہ طنز و مزاح نگار اور معروف شاعر سراج شولاپوری کے اعزاز میں ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرے میں شہر اور بیرونِ شہر سے تعلق رکھنے والے معروف شعرائے کرام نے شرکت کی اور اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
مشاعرے کا آغاز صوفی شاعر جناب میر افضل میر کی حمدِ پاک سے ہوا۔ بزمِ غالب کے نائب صدر ڈاکٹر ہارون رشید باغبان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر بزمِ غالب کے صدر اور استاد شاعر محترم بشیر پرواز نے سراج شولاپوری کی شخصیت اور ادبی خدمات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا: "سراج شولاپوری کی آواز جنوبی ہند کے اکثر کل ہند مشاعروں سے اٹھی اور ہر سو خوشبو کی طرح پھیل گئی ہے۔" آپ نے مزید کہا کہ سراج شولاپوری طنز و مزاح اور سنجیدہ شعری ادب کا اہم نام ہے۔
ڈاکٹر آصف اقبال نے سراج شولاپوری کی شاعری اور فن پر ایک خصوصی مضمون پیش کیا، جس میں ان کی ادبی خدمات، طنزیہ و مزاحیہ شاعری اور منفرد شعری اسلوب پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کا ایک اہم حصہ ’گھومتا آئینہ‘ کے مدیر چاند اکبر کی جانب سے سراج شولاپوری کے اعزاز میں شائع کیے گئے خصوصی شمارے کا اجرا تھا۔ خصوصی شمارے میں شاعر کی شخصیت، فن اور ادبی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ مشاعرے میں سراج شولاپوری نے اپنے سنجیدہ اور مزاحیہ کلام سے محفل کو زعفران زار بنا دیا۔ ان کے کلام پر سامعین نے بھرپور داد و تحسین پیش کی اور محفل دیر تک شعر و سخن کی رنگینیوں سے لطف اندوز ہوتی رہی۔
اس موقع پر استاد شاعر بشیر پرواز، عرفان کاریگر، میر افضل میر، شفیع شطاری، عبدالشکور شعور، آرزو راجستھانی، ڈاکٹر آصف اقبال ، نجم الدین انجم، شاداں پتاپوری، ناصرالدین الندکر، اشفاق زید، وجاہت عبدالستار، یوسف شیخ اور حبیب ناگپوری نے اپنا کلام پیش کیا۔
 پروگرام کے اختتام پر سراج شولاپوری کے فرزند معیز احمد نے بزمِ غالب شولاپور کے تمام اراکین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ 
مشاعرے کی نظامت ڈاکٹر آصف اقبال نے انجام دیے اور کیپٹن شفیع نے رسمِ شکریہ ادا کی۔
آخر میں شعری ادب سے وابستہ شخصیات، شعرائے کرام اور سامعین کی بھرپور شرکت کے ساتھ یہ یادگار محفلِ مشاعرہ کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔