بھیونڈی میں ایم بی بی ایس کامیاب ڈاکٹرس کی پذیرائی


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) بھیونڈی اسٹوڈنٹس ہیلپ فورم (BSHF)کے زیرِ اہتمام اتوار 6 ستمبر 2026 کو شہر میں گذشتہ تین چار برسوں میں کامیاب ہونے والے ڈاکٹرس (ایم بی بی ایس) کی پذیرائی کا پروگرام عبدالحکیم انصاری اسٹڈی سینٹر میں منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت شہر کے معروف ماہر امراض اطفال ڈاکٹر عبدالسلام انصاری نے فرمائی۔ اپنے صدارتی خطاب میں آپ نے اعزاز یافتگان کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ زندگی میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مولانا مجاہد اقبال ندوی صاحب نے پیشہ وارانہ اخلاقیات پر اسلام کے نقطہ نظر سے سیر حاصل گفتگو کی۔ ڈاکٹر نثار مقری نے شہر میں ضرورت کے مطابق کورسیس بالخصوص ماہر نفسیات کی کمی پر روشنی ڈالی اور پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے لیے طلبہ کو سائکاٹری کو ترجیح دینے کی تلقین کی۔ اس کے علاوہ موصوف نے شہر کی ضرورت کے لحاظ سے کورسیس کے انتخاب پر زور دیا۔ شہر کے معروف آرتھوپیٹک سرجن ڈاکٹر محدث مومن نے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم (پوسٹ گریجویشن) اور اسپیشالائزیشن پر زور دیا۔ مجلس میں شہر کے عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جس میں پرنسپلس، ٹیچرس، ڈاکٹرس، انجینئرس، بزنس مین و دیگر شعبوں سے وابستہ افراد موجود تھے۔تقریب میں شہر کے 41 ایم بی بی ایس ڈاکٹرس کو مجلس کے مہمانان کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔ تلاوت طیب مسجدکے امام قاری فضیل احمد صاحب نے فرمائی۔ سلیم یوسف شیخ نے نظامت کے فرائض انجام دیے، انعامات کا اعلان فہیم احمد مومن نے کیا، رسم شکریہ شاہد حسن فاروقی نے انجام دیا جبکہ پروگرام کے انتظامات میں عبدالمجید انصاری، رئیس انصاری، مسیح الزماں انصاری اور اسٹڈی سینٹر کے کئیر ٹیکرس کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ اعزازیافتگان کو خوبصورت میمینٹو جی ایس ٹی اکیڈمی کی جانب سے دیا گیا جس کے ذمہ داران میں شمیم انجینئر،ڈاکٹر یاسین قاضی منصور مومن و دیگر موجود رہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔