اے بنتِ حوا اپنی عزت کی حفاظت کر لو - از قلم: شعیب احمد محمدی۔


اے بنتِ حوا اپنی عزت کی حفاظت کر لو - 
از قلم: شعیب احمد محمدی۔
 9284434542

اے بنتِ حوا

حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی
خدا کرے کہ جوانی تری رہے بے داغ

اے میری بہن! یہ تحریر کسی طعنہ کے لیے نہیں، تمہارے آنسو پونچھنے اور تمہاری عزت و وقار اور تمہاری اہمیت سمجھانے کے لیے ہے۔
آج موبائل کی ایک چھوٹی سی اسکرین نے کتنی بڑی بڑی چادروں کو تار تار کر دیا ہے۔ جہاں کل تک غیر محرم کی آواز سننا بھی بے حیائی سمجھا جاتا تھا، آج وہیں رات رات بھر ویڈیو کالز عام ہو گئی ہیں۔
یہ تعلق محبت نہیں، یہ ایک جال ہے۔

1. یہ سب شروع کیسے ہوتا ہے؟ : 
شیطان کبھی سیدھا گناہ کی دعوت نہیں دیتا، وہ سیڑھیاں بناتا ہے۔
کبھی یہ غربت کے نام پر ہوتا ہے کہ گھر میں تنگی ہے، کوئی سہارا چاہیے، کوئی ریچارج کروا دے، کوئی گفٹ دے دے۔
کبھی یہ لالچ کے نام پر ہوتا ہے کہ اس نے سونے کی انگوٹھی کا وعدہ کیا ہے، اس نے موبائل گفٹ کیا ہے۔
کبھی یہ انتقام کے نام پر ہوتا ہے کہ جب شوہر ہی باہر منہ مارتا ہے تو میں کیوں نہ کروں۔
اور کبھی صرف دو میٹھے بولوں پر کہ تم بہت اچھی ہو، تمہاری آواز بہت پیاری ہے، تمہارے جیسی لڑکی نہیں دیکھی۔
اے بہن! یاد رکھو، جو مرد تمہیں تمہارے باپ اور بھائی کی نظروں سے چھپ کر چاہتا ہے، وہ تم سے محبت نہیں کرتا، وہ تمہاری عزت کا سودا کرتا ہے۔ سچی محبت نکاح کے دروازے پر دستک دیتی ہے، انباکس میں نہیں۔

2. ذرا سوچو تم کس کی امانت ہو؟ : 
تم کسی عام گھر کی لڑکی نہیں ہو، تم اپنے باپ کی پگڑی ہو۔ تم اپنے والدین کا فخر اور غرور ہو۔ تمہارے باپ نے تمہیں کتنی مشقت سے پالا ہے۔ اس کی چپل گھسی ہے، اس کا لباس پرانا ہوا ہے، مگر اس نے تمہارے لیے نئے کپڑے لائے۔ اس کی آنکھوں میں ایک ہی خواب ہے کہ میری بیٹی جب رخصت ہو تو میرا سر فخر سے اونچا ہو۔

کیا تمہیں یاد ہے؟ جب تم چھوٹی تھی تو تمہارا باپ تمہیں کندھے پر بٹھا کر بازار لے جاتا تھا۔ آج اسی باپ کا سر تم ایک غلط کال کی وجہ سے جھکا دو گی؟
جس دن تمہاری ایک تصویر، ایک ویڈیو لیک ہوتی ہے، اس دن صرف تم رسوا نہیں ہوتیں، تمہاری ماں کی تربیت، تمہارے باپ کی غیرت اور تمہارے بھائی کی جوانی سب تار تار ہو جاتی ہے۔
اے بنتِ حوا! تمہاری عزت و آبرو اتنی سستی نہیں ہے کہ محبت کے جھوٹے اور ہوس کے بھوکے افراد کو معمولی سے تحفہ کی نظر کر دو۔

3. یہ دنیا تک ختم نہیں ہوگا : 
اے بنتِ حوا! کیا تم سمجھتی ہو کہ یہ دو دن کی چیٹنگ اور ڈیلیٹ کر دینے سے معاملہ ختم ہو جائے گا؟ نہیں۔

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
ولا تقربوا الزنا انہ کان فاحشۃ وساء سبیلا
ترجمہ: زنا کے قریب بھی مت جاؤ، بے شک وہ بے حیائی ہے اور بہت برا راستہ ہے۔
اللہ نے یہ نہیں کہا کہ زنا مت کرو، اللہ نے کہا قریب بھی مت جاؤ۔ اور یہ موبائل پر غیر محرم سے ہنسی مذاق، راتوں کو باتیں، یہی تو زنا کے قریب جانا ہے۔
کل قیامت کے دن جب تمہارے ہاتھ، تمہاری آنکھیں، تمہارے کان گواہی دیں گے۔ وہ ہاتھ جس سے تم نے میسج ٹائپ کیا، وہ آنکھیں جس سے تم نے اس کی تصویر دیکھی، سب بولیں گے۔ اس دن تم اپنے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا منہ دکھاؤ گی؟ جنہوں نے تمہیں حیا کا تاج پہنایا تھا۔

4. اے بنتِ حوا! ہوش کے ناخن لو : 
میرے بھائی جو یہ ہوس پوری کر رہے ہیں، ان سے بھی کہتا ہوں۔ آج تم کسی کی بہن کو دھوکہ دو گے، کل تمہاری بہن بیٹی کے لیے بھی کوئی بیٹھا ہوگا جو اس کی عزت تار تار کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ یہ قرض ہے، یہ لوٹ کر آتا ہے۔
اور اے میری بہنو!
اگر شوہر دھوکہ دے رہا ہے تو تم اللہ سے رجوع کرو، صبر کرو، اپنے بڑوں سے مشورہ کرو، مگر غلط راستہ اختیار کر کے تم اپنی آخرت بھی برباد کر لو گی۔
اگر غربت ہے تو اللہ سے مانگو، تمہاری عزت تمہاری سب سے بڑی دولت ہے، اسے چند روپے کے گفٹ کی لالچ میں نہ گنواؤ۔
اگر کوئی تمہیں کہتا ہے کہ تم بہت اچھی ہو، تو کہو کہ میں اپنے باپ کے لیے اچھی ہوں، اپنے شوہر کے لیے اچھی ہوں، غیر محرم کے لیے نہیں۔ اور سب سے بڑی بات میری عزت و وقار میرے اللہ اور اس کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عطا کی ہوئی ہے۔
اپنا موبائل پاک کرو، اپنا دل پاک کرو، اپنی حیا کی چادر کو مضبوطی سے تھام لو، خود کو صحابیات کے پاکیزہ سانچے میں ڈھال لو، کیوں کہ آنے والی نسلیں تمہاری تربیت پر منحصر ہیں۔
اللہ ہماری بہنوں کی عزتوں کی حفاظت فرمائے، ہمارے بھائیوں کو حیا کا محافظ بنائے، اور ہمارے معاشرے کو اس موبائل والے زنا سے پاک فرمائے۔ آمین

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔