ممبئی میں ' تین بتی کے راما ' کے ہندی ورجن کا کامیاب اجرا - تخلیقیت میں سچائی تک پہنچنا بہت دشوار گزار امر ہے، اس ضمن میں علی امام نقوی کامیاب نظر آتے ہیں : اصغر وجاہت
میرا روڈ، ممبئی : (راست) جن وادی لیکھک سنگھ اور سوَر سنگم کی جانب سے معروف فکشن نگار علی امام نقوی کے شہر آفاق ناول 'تین بتی کے راما' کے ہندی ورجن کا اجرا بدست اصغر وجاہت اور دھیرندر استھانا پونم آج شب ساگر کامپلیکس، میرا روڈ، ممبئی میں عمل میں آیا ـ اس جلسے کی صدارت دھیرندر استھانا نے کی ـ جنوادی لیکھک سنگھ مہارشٹر کے سیکرٹری مختار خان نے افتتاحی کلمات پیش کیے جس میں انھوں نے علی امام نقوی کی شخصی اور فنی کوائف پر روشنی ڈالی ـ وقار قادری نے ناول 'تین بتی کے راما' کے ہندی ورجن سے ایک اقتباس سامعین کے روبرو پیش کیا ـ واضح رہے علی امام نقوی کے اس ناول کو انور مرزا نے ہندی زبان میں ترجمہ کیا ہے ـ آپ نے اس ناول کو ترجمہ کرنے کے محرکات پر بات کرتے ہوئے اس کے موضوع کو بے حد متاثر کن بتایا ـ اقبال نیازی نے علی امام نقوی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے 'تین بتی کے راما' کا فنی اور فکری جائزہ پیش کیا ـ اسی طرح اسلم پرویز نے علی امام نقوی کی افسانہ نگاری کو موضوع سخن بنایا اور ایک پر مغز مقالے کی صورت اسے پیش کیا ـ سیلیش سنگھ اور سوبھودھ مورے نے علی امام نقوی سے متعلق چند یادگار باتوں اور ملاقاتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی فکشن شناسی کی تعریف کی اور ناول کی کہانی اور کرداروں پر سیر حاصل گفتگو کی ـ ہردیش مینک نے ماضی کے جھروکے سے حقیقی واقعات کی روشنی میں علی امام نقوی کی فنکاری کو واشگاف کیا ـ اصغر وجاہت کے مطابق تخلیقیت میں سچائی تک پہنچنا بہت دشوار گزار امر ہے مگر اس ضمن میں علی امام پوری طرح کامیاب نظر آتے ہیں ـ دھیرندر استھانا نے اپنے صدارتی خطاب میں پیش کردہ مقالوں اور تقاریر پر مختصر گفتگو کی اور ناول کے دلچسپ ہونے کے مختلف دلائل پیش کیے ـ رسم شکریہ سنجے بھیسے نے ادا کی جبکہ نظامت کے فرائض مختار خان نے بحسن و خوبی انجام دیے ـ علی امام نقوی کے صاحب زادے ضیا نقوی نے ناول کی اشاعت میں اہم رول ادا کیا ـ اس ادبی جلسے میں اردو ہندی کے متعدد ادیب و شاعر کثیر تعداد میں موجود تھے ـ جن میں کلیم انصاری ، خلیل شیخ، اے آر طارق، فرید خان، عبدل فرحت،ذاکر سردار، اندرجیت، پولک چکروتی،گلاب چند یادو، جے آر یادو، ریتا داس رام، روبینہ خان، بے بی ناز، سید سلیم الدین، سندیپ مانے، کلپنا اُبالے، نصیر احمد اور انیل گ شامل ہیں ـ
Comments
Post a Comment