معلمہ ہما ضیاء الرحمٰن انصاری کو قومی سطح پر ’’اردو رتن ایوارڈ‘‘
تھانہ: (عبدالعزیز انصاری) انجمن خیرالاسلام اردو بوائز ہائی اسکول، مہا گیری، تھانہ میں برسرِ خدمت معلمہ ہما ضیاء الرحمٰن انصاری کو اردو زبان کی تدریس، اردو ذریعۂ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی میدان میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی سطح کے باوقار ’’اردو رتن ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز قومی شکشک اردو سنگھ، دہلی کی جانب سے 14 ستمبر 2026 کو ہندی دیوس کے موقع پر نئی دہلی کے غالب انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں تفویض کیا گیا۔ تقریب میں اردو زبان و ادب، تعلیم اور تدریس سے وابستہ شخصیات، اساتذہ اور معززین نے شرکت کی۔
معلمہ ہما ضیاء الرحمٰن انصاری کی اردو زبان کی تدریس اور اردو ذریعۂ تعلیم کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں یہ قومی اعزاز پیش کیا گیا۔ ان کے اعزاز پر اسکول، مہاگیری، تھانہ کے اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی حلقوں نے مسرت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، مخلص احباب اور مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے معلمہ ہما ضیاء الرحمٰن انصاری کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اردو زبان و تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے اور لگن کے ساتھ جاری رکھیں گی۔
Comments
Post a Comment