کامیابی کےلیے محنت اور مسلسل کوشش لازمی: وینا برادار
دھارواڑ: بچوں کی اکیڈمی کی جانب سے وٹھل اسپتال کے تیج سبھا بھون میں منعقدہ تریبھاشا کوی گوشٹھی کے اختتامی پروگرام اورمختلف زبانوں میں منعقدہ شعری مقابلے کے کامیاب طلبہ و طالبات میں تقسیم انعامات کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی ہوم بیلکو پرتشٹھان کی صدر اور پرنسپل محترمہ وینا برادار نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ زندگی میں اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے محنت، لگن اور مسلسل کوشش کو اپنا شعار بنائیں۔ کامیابی کے لیے فرض شناسی، وقت کی پابندی، دیانت داری، صبر و تحمل اور مستقل مزاجی بے حد ضروری ہے۔ محترمہ نے کہا کہ طلبہ کے اندر کامیابی کی جستجو کے ساتھ ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی ہونا چاہیے۔ زندگی میں مشکلات اور چیلنجز آتے رہتے ہیں لیکن صبر، حوصلے اور مسلسل کوشش کے ذریعے ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بچوں کی اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر راجن دیش پانڈے کی سماجی خدمات اور بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔پروگرام کی صدارت بچوں کی اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر راجن دیش پانڈے نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی و استقبالیہ کلمات میں بچوں کی اکیڈمی کے قیام سے لے کر موجودہ مقام تک کے سفر اور اس کی مختلف سماجی و تعلیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد ضروری ہے۔اس موقع پر شہر اور دیہی علاقوں کے مختلف ہائی اسکولوں سے 80 سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ طلبہ نے کنڑا، ہندی، انگریزی اور اردو زبانوں میں اپنی تخلیق کردہ نظمیں پیش کیں۔ ننھے شعراء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، زبان و بیان پر دسترس اور اعتماد کے ساتھ کلام پیش کرکے حاضرین کو متاثر کیا۔کوی گوشٹھی کے لیے ڈاکٹر سری نواس وڈپّی، ڈاکٹر یو۔ اے۔ ہنڈیکر اور ڈاکٹر ارشاد ہویِل گول نے بحیثیت ممتحن فرائض انجام دیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ، ڈاکٹر آئی۔ ایس۔ مالیکر اور محترمہ کویتا دیش پانڈے بھی موجود تھیں۔ابتداء میں بچوں کی اکیڈمی کے نائب صدر سی۔ یو۔ بیلّکی نے مہمانوں اور شرکا کا استقبال کیا۔ شری کانت دوڑواڑ نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ پروفیسر سگّو ہیرے مٹھ نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔کوی گوشٹھی کے نتائج کنڑازبان:اول: ویدانت بینی،دوم: پریا گڈی گیرےسوم: اسپورتی مٹی،حوصلہ افزائی انعام: شروتی گنگیرے،ہندی/اردوزبان:اول: ہاجرہ میسور،دوم: آدیا شری چندا،سوم: رخسار ملّا،حوصلہ افزائی انعام: اسمیہ بینگیری،انگریزی زبان:اول: روہن میشرا ،دوم: دھنیہ ہیرے گوڈار،سوم: مانوی دوڑواڑحوصلہ افزائی انعام: آردھیا واگمُڈے۔کوی گوشٹھی میں طلبہ کی بھرپور شرکت اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو حاضرین نے سراہا۔ پروگرام نے طلبہ میں زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر خود اعتمادی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔(رپورٹ:ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج ،دھارواڑ)
Comments
Post a Comment