یه مذاق اڑانا بند کرو - از قلم : ظفر ھاشمی ندوی، سابق فیملی کونسلر دبی کورٹ۔
یه مذاق اڑانا بند کرو -
از قلم : ظفر ھاشمی ندوی،
سابق فیملی کونسلر دبی کورٹ۔
قارئین کرام،،،
آپ میں سے ہر ایک سے گذارش ہے کہ ہر شخص گھر کے کسی فرد سے یا قریبی دوست سے یہ کہے کہ وہ آپ کے سامنے جس قدر جلدی جلدی آپ کا نام بیس پچیس مرتبہ بول سکتا ہے ، بولے اور آپ سن کر خود ہی فیصلہ کیجیے کہ انتہائی تیزی سے باربار آپ کا نام دہرانے پر آپ کو کیسا لگا- کیا ہر دفعہ آپ کا نام مکمل ادا ہو رہا تھا؟ یا تیزی سے دہرانے کی وجہ سے کٹ کٹ رہا تھا؟ کیا اس تیزی کی وجہ سے دہرانے والا آپ کا احترام کرتا ہوا محسوس ہو رہا تھا یا مذاق اڑاتا ہوا لگ رہا تھا؟ کیا آپ پسند کریں گے کہ ہر شخص آپ کا نام اسی طرح سے لیتے رہے - چاہے وہ آپ کے ماں باپ ہوں یا بھائی بہن یا رشتہ دار یا دوست یا کوئی اجنبی شخص ـ-
اب آئیے کسی بھی نماز کے وقت مسجد چلتے ہیں - نماز کے بعد ہر تسبیح فاطمہ پڑھنے والے کے تسبیح پڑھنے کا انداز دیکھتے ہیں - یہ دیکھیے ہر شخص کی انگلیاں کس تیزی سے حرکت کر رہی ہیں - یہ تو اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہر شخص بغیر آواز کے اللہ تعالیٰ کے نام کی تسبیح سبحان اللہ ، الحمد للہ اور اللہ اکبر انتہائی تیزی سے جلدی جلدی پڑھتا جا رہا ہے- اگر تمام نمازی ان مقدس الفاظ کو زور زور سے پڑھنے لگیں تو کیسا لگے گا؟ آپ کو لگتا ہے کہ وہ الفاظ بھی پورے ادا کر پا رہا ہے؟ کیا اللہ تعالیٰ کے نام لینے اور تسبیح اس انداز سے پڑھنے میں ادب و احترام لگتا ہے یا اللہ نہ کرے اس کے نام کا مذاق اڑایا جا رہا ہے!!!
افسوس کی بات یہ ہے کہ میں نے عربوں کو اور یہاں تک کے ان کے علماء کو بھی اسی تیزی اور جلد بازی سے نماز کے بعد تسبیح پڑھتے دیکھا ہے - ہمارے علماء اور مساجد کے ائمہ کرام ان سے کہاں پیچھے ہیں؟ چپ چاپ جائزہ لیجیے اور اپنا سر پیٹ لیجیے -
کاش ہر مسلمان ہر دفعہ ہر نماز کے بعد انتہائی ادب و احترام ہی نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ محبت اور دلی تعلق کے ساتھ تسبیح پڑھنے کی عادت ڈالے اور گھر و باہر ہر مسلمان کو اس بات کی نصیحت کرے- قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے والذین آمنوا اشد حبا للہ جو ایمان والے ہیں ان کی محبت سب سے زیادہ اللہ سے ہوتی ہے- سچ بتائیے تسبیح پڑھنے کی موجودہ کیفیت کیا اللہ تعالیٰ سے محبت کو ظاھر کرتی ہے یا اس کے پاک نام کا مذاق اڑاتے ہوئے لگتی ہے؟
اے اللہ ہر مسلمان کو سب سے زیادہ محبت تجھ سے عطا فرما اور پھر اس عظیم محبت کے تمام تقاضوں کو بھی پورا کرنے کی توفیق اور ہمت عطا فرما ـ آمين ثم آمين ـ
Comments
Post a Comment