ادارہ خیابانِ شبلی، کھام گاؤں کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کے عنوان سے کامیاب ضلعی تقریری مقابلے کا انعقاد
کھام گاؤں : (راست) ۲۰ ستمبر ۲۰۲۶ء، بروز اتوار: ادارہ خیابانِ شبلی کی جانب سے سیرت کے پانچ منتخبہ عنوانات پر ضلعی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بلڈانہ کے ۲۱ مقامات سے کل ۳۶ طلباء نے حصہ لیا۔
جلسے کی صدارت معروف دینی درسگاہ دارالعلوم اشاعت القرآن، پوسد کے مہتمم، مفتی کلیم رحمانی صاحب نے کی، جبکہ منصفی کے فرائض محمد ہارون دیشمکھ صاحب، مولانا طفیل احمد ندوی صاحب اور مفتی نورالامین صاحب نے انجام دیے۔ شہر اور ضلع کی کئی علمی، ادبی اور دینی شخصیات نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
سیرت کے منتخب عنوانات پر طلباء نے بہت عمدگی کے ساتھ تقاریر پیش کیں۔ سامعین کے لیے یہ طے کرنا مشکل تھا کہ انعامات کن طلباء کی جھولی میں گرتے ہیں۔
پروگرام کے آخری حصے میں ادارے کے صدر، خبیب تابش نے اپنے والد، ڈاکٹر غلام کبریا خان شبلی، کی علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالی، نیز ادارے کی غرض و غایت کی وضاحت کی۔
مولانا طفیل احمد ندوی صاحب نے تقاریر میں ہونے والی اغلاط پر طلباء کی توجہ مبذول کروائی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جہاں امت کی بیٹیاں ہر میدان میں سرفہرست ہیں، وہیں یہ بات افسردہ کرتی ہے کہ بیٹوں میں اب وہ رمق نہیں۔
اس کے بعد طلباء کو عمومی انعامات کے طور پر سند، ماہرالقادری کی سیرت پر کارآمد تصنیف ’’دُرِّ یتیم‘‘ اور مفتی کلیم رحمانی کی ایک تصنیف سے نوازا گیا۔
پھر خصوصی انعامات کا اعلان کیا گیا، جس میں اول انعام ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول، چکھلی کی طالبہ نشرح انعم شیخ اسحاق نے حاصل کیا۔ صدرِ مجلس کے ہاتھوں انہیں ۶۰۰۰ روپے نقد، سند اور ٹرافی سے نوازا گیا، جبکہ اسکول کو بھی اس بہترین کارکردگی پر سپاس نامہ پیش کیا گیا۔
دوم انعام الہدیٰ گرلز اسکول، ملکاپور کی طالبہ ریحہ فردوس سلیم اقبال خان کو ہارون دیشمکھ صاحب کے ہاتھوں ۴۰۰۰ روپے نقد، سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
جبکہ سوم انعام زیڈ۔ پی۔ ہائی اسکول، پی راجہ کی طالبہ کو ڈاکٹر غلام کبریا خان شبلی کے بڑے فرزند اور ادارے کے سرپرست، ڈاکٹر جنید وقار صاحب کے ہاتھوں ۳۰۰۰ روپے نقد، سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
بعدہٗ خطبۂ صدارت میں مفتی کلیم رحمانی صاحب نے ’’سیرتِ نبوی ﷺ اور حالاتِ حاضرہ‘‘ کے عنوان سے سیر حاصل گفتگو کی۔
آخر میں ادارے کے سیکریٹری، اویس دانش صاحب نے تمام انعام یافتگان کو مبارکباد پیش کی، ساتھ ہی تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ صدرِ محترم کی دعا پر اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
اس پروگرام کی نظامت برادر طارق ذکی نے کی، جبکہ برادر فضیل ارشد، برادر زاہد رضا، برادر انس نبیل، برادر ماجد خان اور برادر نوید اطہر نے بخوبی انتظامات سنبھالے۔
سامعین نے ادارے کے اس اقدام کو خوش آئند بتایا اور خوشی کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment