ممبئی یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ انٹر کالجیٹ بیت بازی میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی ٹیم کو اول انعام
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) بزمِ احباب فاؤنڈیشن، ممبئی اور شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے 8 ستمبر 2026 بروز منگل مراٹھی بھاشا بھون آڈیٹوریم میں انٹر کالجیٹ بیت بازی مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ممبئی، ممبرا اور بھیونڈی کے مختلف کالجوں کی کل بارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلے میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا اور ادارے کا نام روشن کیا۔
رئیس جونیئر کالج کی جانب سے انصاری حمیرا شکیل احمد (بارہویں سائنس بی) اور خان سدرہ صدف اکبر علی (گیارہویں سائنس اے) نے مقابلے میں شرکت کی۔ٹیم میں شامل دونوں طالبات نے اپنی عمدہ تیاری، شعری ذوق، مضبوط حافظۂ اشعار اور پُراعتماد اندازِ پیشکش کے ذریعے مقابلے کے مختلف مراحل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مقابلے کے دوران شرکاء کی کارکردگی جانچنے کے لیے اشعار کا بروقت انتخاب، شعری حافظہ، برجستگی، روانی اور درست تلفظ جیسے اہم معیارات کو پیشِ نظر رکھا گیا۔ رئیس جونیئر کالج کی طالبات نے معروف شعراء کے اشعار نہایت اعتماد اور برجستگی کے ساتھ پیش کرتے ہوئے اپنی غیر معمولی شعری صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی نے حاضرین کے ساتھ ساتھ جج صاحبان کو بھی متاثر کیا۔
بالآخر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی ٹیم نے تمام مراحل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا۔ مزید برآں، ٹیم میں شامل دونوں طالبات کو بہترین بیت خواں کے طور پر بھی منتخب کیا گیا۔ کامیاب طالبات کو ٹرافی، انعام اور اسناد سے نوازا گیا۔ طالبات کی تیاری میں صوفیہ مومن اور محمد رفیع انصاری کا خصوصی تعاون شامل رہا۔
رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے طالبات کی اس شاندار کامیابی پر کے ایم ای سوسائٹی کی مجلسِ منتظمہ کے عہدیداران و اراکین،اسکول اور کالج کے چیئرمین یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری،وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو، سپروائزرس اسرار پٹھان، سبطین کشیلکر، مزدان ملا، وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری اور جملہ اساتذہ اور طلبہ نے فاتح طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment