جی ایم مومن ویمنز کالج اسٹڈی سینٹر میں بی اے و ایم اے اردو سالِ اول کے طلبہ کے لیے اورینٹیشن پروگرام کا کامیاب انعقاد


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) بروز اتوار، 27 ستمبر 2026 کو یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی، ناسک کے زیرِ اہتمام جاری کےایم ای سوسائٹیز غلام محمد مومن ویمنز کالج اسٹڈی سینٹر، بھیونڈی میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے بی اے سالِ اول اور ایم اے اردو سالِ اول میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا ہال میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاصلاتی تعلیم ان افراد کے لیے اپنی ادھوری تعلیم کو جاری رکھنے کا ایک سنہرا موقع فراہم کرتی ہے، جو مختلف وجوہات کی بنا پر باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پوری محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست اور شخصیت سازی کا اہم ذریعہ ہیں۔ طلبہ کتابوں سے دوستی کریں، مطالعے کی عادت اپنائیں اور علم کی روشنی سے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں۔
اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے اپنے خطاب میں اسٹڈی سینٹر کی تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں اور کارگزاریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسٹڈی سینٹر کے اساتذہ کا تعارف پیش کیا اور بی اے سالِ اول و ایم اے اردو سالِ اول میں داخلہ لینے والے تمام طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسٹڈی سینٹر کے اساتذہ خان ذاکر حسین، خان ظفر عالم جامعی، ڈاکٹر قطب الدین شاہد، ڈاکٹر ابو سعد اعجاز، سید اعجاز ہاشمی اور ڈاکٹر مطیع اللہ خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے محنت، پابندی اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
پروگرام کے دوران چند طلبہ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے اورینٹیشن پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور اسٹڈی سینٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی و تعاون کو اپنے لیے مفید قرار دیا۔
پروگرام کا آغاز اسٹڈی سینٹر کے طالب علم ابو حمزہ جمیل کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اردو کی معلمہ صوفیہ مومن نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں اظہارِ تشکر بھی پیش کیا۔
پروگرام کے کامیاب انعقاد میں طہور مومن کا تعاون شامل رہا۔ تقریب خوشگوار اور تعلیمی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔