جامع مسجد اہلِ سنت والجماعت ریکلگی میں 9 ستمبر کو عظیم الشان جشنِ عید میلاد النبی ﷺ
بیدر، 5/ ستمبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) جامع مسجد اہلِ سنت والجماعت، ریکلگی، تعلقہ و ضلع بیدر میں 9 ستمبر 2026ء، مطابق 26 ربیع الاول 1448ھ، بروز چہارشنبہ بعد نمازِ مغرب عظیم الشان جلسۂ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس بابرکت جلسہ کی نگرانی جناب سید فصیح اللہ حسینی المعروف سید سجاد صاحب صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد ریکلگی فرمائیں گے. مہمانِ خصوصی نجم المحدثین حضرت علامہ مولانا مفتی سید صغیر احمد نقشبندی، شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد خصوصی خطاب فرمائیں گے، جبکہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی، خطیب جامع مسجد و صدر نائب قاضی بیدر بحیثیت میزبان مقرر خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ جلسہ کا آغاز محمد صابر نظامی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا، جبکہ حافظ محمد معین الدین نظامی حمدِ باری تعالیٰ پیش کریں گے۔ مولانا محمد سراج رضا نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کریں گے۔ جلسہ کی نظامت مولانا حافظ و قاری محمد رفیق پٹیل نظامی، فاضل جامعہ نظامیہ انجام دیں گے۔ اس موقع پر حافظ و قاری محمد احمد باوزیر قادری شرفی، صاحبِ قبلہ منفرد انداز میں دف پر نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرتے ہوئے عاشقانِ رسول ﷺ کو اپنی پُرسوز آواز سے محظوظ کریں گے۔ خواتین کے لیے پردے کا خصوصی انتظام رہے گا، جبکہ جلسہ کے بعد تمام شرکاء کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ منتظمین، جمیع اہلیانِ ریکلگی اور نوجوانانِ اہلِ سنت والجماعت ریکلگی نے تمام عاشقانِ رسول ﷺ سے گزارش کی ہے کہ وہ دوست و احباب کے ہمراہ اس بابرکت جلسۂ میلاد النبی ﷺ میں شرکت کرکے کثیر اجر و ثواب حاصل کریں اور جلسہ کو کامیاب بنائیں۔
Comments
Post a Comment