جامنیر میں شہری سطح پر شاندار نعتیہ مقابلہ و اعزازی تقریب - "نعتیہ مقابلے میں 6؍ طلبہ کا انتخاب؛ دسویں و بارہویں جماعت کے 22؍ ہونہار طلبہ و طالبات کا اعزاز، فردوس انجم شیخ آصف کو ’’مثالی مصنفہ‘‘ ایوارڈ".


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): عید میلاد النبی ﷺ کی پُرنور مناسبت سے خدائی خدمت گار فلاحی تنظیم اور ہفت روزہ خاندیش نامہ کے باہمی اشتراک سے جامنیر میں شہری سطح پر شاندار نعتیہ مقابلہ اور اعزازی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں نعتیہ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 6؍ طلبہ کے علاوہ جامنیر تعلقہ میں اردو ذریعۂ تعلیم سے دسویں اور بارہویں جماعت میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے 22؍ ہونہار طلبہ و طالبات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اردو صحافت و تصنیف کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں فردوس انجم شیخ آصف، بلڈانہ کو ’’مثالی مصنفہ‘‘ ایوارڈ پیش کیا گیا۔
تقریب کی صدارت مولانا عمران صاحب مظاہری، امام و خطیب جامع مسجد جامنیر نے کی، جبکہ شیخ جلال، صدر مدرس انجمن ہائی اسکول کی قیادت میں پروگرام منعقد ہوا۔ خصوصی مقرر مولانا شکیل احمد صاحب، امام و خطیب مسجد زکریا تھے۔ اس موقع پر مفتی مسعود اختر قاسمی، مولانا عرفان، مولانا عبدالکریم، مولانا عبدالزاق، مولانا عبدالکلیم، مولانا جعفر اور دیگر علمائے کرام و معززین موجود تھے۔
نعتیہ مقابلے کے جج کے فرائض مولانا خلیق اشاعتی، امام و خطیب مسجد توحید، شیخ ابرار سلیم سر، سابق صدر مدرس محمدیہ اینگلو اردو ہائی اسکول شیندورنی، اور نکہت انجم، ناظمہ مس ضلع پریشد بوائز اردو اسکول بودوڈ نے بحسن و خوبی انجام دیے، جبکہ نظامت کے فرائض عاقل سر نے مؤثر انداز میں انجام دیے۔
تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے وسیم شیخ اعجاز الدین سر نے کہا کہ نعتیہ مقابلے کا بنیادی مقصد نئی نسل کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ، محبت و عقیدت اور سیرت النبی ﷺ کے مطالعے کا ذوق پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدائی خدمت گار فلاحی تنظیم برسوں سے سماجی، فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل کی اخلاقی و تعلیمی تربیت میں سرگرم عمل ہے۔ ہفت روزہ خاندیش نامہ بھی سچی، بے باک صحافت اور طلبہ میں ادبی و صحافتی ذوق پروان چڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ موجودہ تقریب اسی مشترکہ علمی و سماجی سفر کی ایک خوب صورت کڑی ہے۔
خصوصی مقرر مولانا شکیل احمد صاحب نے سیرت النبی ﷺ کی جامعیت اور رسولِ اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو انسانیت کے لیے کامل نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی زندگی کا ہر گوشہ قیامت تک انسانوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ کے معمولات، اخلاق، عادات و اطوار اور حیاتِ مبارکہ کے ایک ایک پہلو کو امت نے پوری تحقیق و سند کے ساتھ محفوظ کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کریں اور اپنی زندگی کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کو نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ محنت، علم، اخلاق اور کردار ہی قوموں کی حقیقی ترقی کا راستہ ہیں۔ علامہ اقبال کے الفاظ میں:
"نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی".
صدرِ جلسہ مولانا عمران مظاہری نے تنظیم اور ہفت روزہ خاندیش نامہ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ دعا اور ساجد خان سر کے اظہارِ تشکر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
پروگرام کی کامیابی میں خدائی خدمت گار فلاحی تنظیم کے صدر عمران خان، سیکریٹری دلیر خان سر، توصیف احمد، خازن ساجد خان سر، شیخ جلال سر، حامد سر، عمران سر، مزمل سر، رفیق سر، منیر سر، اسد سر، زبیر سر، ابرار سر اور انجمن ہائی اسکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے نمایاں تعاون کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔